• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

منیٰ خالی، حاجیوں کی بڑی تعداد نے مدینہ منورہ کا رُخ کیا

Updated: June 20, 2024, 11:03 AM IST | Makkah

منیٰ میں  خیموں  کا شہر جو ہر سال حج کے موقع پر آباد ہوتا ہے، ایام حج کے ختم ہونے کے ساتھ ہی خالی ہوگیا ہے۔ دوسری طرف نبی کریم ؐ کا شہرمدینہ منورہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کے خیرمقدم کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

Before reaching Madinah, pilgrims can be seen worshiping at Masjid Quba. Photo: INN.
مدینہ پہنچنے سے قبل حاجیوں  کو مسجد قبا میں عبادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

بدھ کو حج کے آخری دن اور تیسرے یوم تشریق کے بعد حاجی سلسلہ وار طریقے سے مکہ مکرمہ پہنچے جہاں  ان میں  سے اکثر طواف الوداع کےبعد مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ سعودی حکام کے مطابق اُن حاجیوں  کیلئے طواف الوداع کیلئے کامیاب انتظامات کئے گئے تھے جنہیں   روانگی کی جلد ی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے طواف الوداع میں   تعاون کیلئےمذہبی مبلغین اور عملہ کی خاطر خواہ تعداد کو تعینات کیاگیاتھا، ساتھ ہی بھیڑ بھاڑ پر قابو پانے کیلئے تکنالوجی کا بھی خاطر خواہ سہارا لیاگیا۔ اس میں   اسمارٹ روبوٹ بھی شامل ہیں  جن کوبھیڑ بھاڑ کے نظم کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیاگیا۔ 
منیٰ میں  خیموں  کا شہر جو ہر سال حج کے موقع پر آباد ہوتا ہے، ایام حج کے ختم ہونے کے ساتھ ہی خالی ہوگیا ہے۔  حاجیوں  نے ایام تشریق منیٰ میں  گزارے اور اس دوران تینوں جمروں پر رمی (شیطان کو کنکریاں  مارنے ) کے مناسک مکمل کرلیے۔ اس کے بعد حجاج کرام نے طواف ِ وداع کیلئے بیت اللہ کا رخ کیا۔ ساتھ ہی حجاج کرام منیٰ کو الوداع کہہ کر واپس لوٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بارگاہ رب العزت میں  اپنے گناہوں  پر رو رو کر معافیاں  مانگنے اور اقوام عالم کی بہتری کیلئے دعائیں   کرنے کے بعد بیت اللہ کوالوداع کر کے حجاج کرام جذباتی انداز میں  مکہ مکرمہ سے رخصت ہورہے ہیں۔ 
دوسری طرف نبی کریم ؐ کا شہرمدینہ منورہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کے خیرمقدم کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ تمام متعلقہ سرکاری اور نجی ادارے حاجیوں کے خیرمقدم کیلئے اپنی تیاریاں  مکمل کر چکے ہیں۔ کم و بیش نصف حجاجِ کرام سعودی عرب آمد کے بعد پہلے مدینہ منورہ میں قیام کرکے حج کیلئے مکہ پہنچے ہیں۔ ایسے حجاج کرام کی وطن روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جو لوگ حج سے ایک ڈیڑھ ہفتہ پہلے ہی سعودی عرب پہنچتے ہیں وہ حج کے بعد مدینہ منورہ میں حاضر ہوتے ہیں۔ 
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ؐ اور روضہ رسول ؐ میں  حاضری کے علاوہ حاجی دیگر تاریخی مساجد میں بھی عبادت کرتے ہیں اور مقامات مقدسہ کی زیارت کے ذریعے روحانی تسکین کا اہتمام کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں  ایجنسی کے مطابق مدینہ پہنچنے سے پہلے ہزاروں کی تعداد میں  حاجی مسجد قبا پہنچے جو نبی کریم ؐ کے ذریعہ قائم کی گئی تاریخ اسلام کی پہلی مسجد ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK