Updated: June 18, 2024, 7:20 PM IST
| Riyadh
امسال حج کیلئے ۱۵؍ لاکھ سے زائد عازمین مکہ پہنچ چکے ہیں ۔ ان میں عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی شامل ہیں جن میں ثانیہ مرزا، انعم مرزا، اسلام ماخاچیف، سونی بل ولیمز، ذاکر نائیک، ندا یاسر اور ریما خان کے نام قابل ذکر ہیں۔ سبھی نے حج پر روانگی سے قبل اپنے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات شیئر کئے۔
سونی بل ولیمز، مسجد حرام میں۔ تصویر: ایکس
ہر سال دنیا بھر سے مسلمان حج کیلئے مکہ مکرمہ میں جمع ہوتے ہیں۔ ۱۴؍ جون بروز جمعہ سے حج شروع ہونے کے ساتھ ہی عازمین مکہ سے قریب واقع شہر منیٰ میں جمع ہوں گے جن میں دنیا کی چند مشہور شخصیات بھی ہوں گی۔ اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والی مشہور شخصیات میں سابق ہندوستانی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا، یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن اسلام ماخاچیف، نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسر اور سابق پیشہ ور رگبی کھلاڑی سونی بل ولیمز، ملائیشیا میں مقیم ہندوستانی اسلامی اسکالر ذاکر عبدالکریم نائیک، پاکستانی ٹی وی میزبان اور سابق اداکارہ ندا یاسر؛ اور پاکستانی اداکارہ، فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ریما خان کے نام قابل ذکر ہیں۔
ثانیہ مرزا نے حج پر روانہ ہونے سے قبل اپنے ایکس پر لکھا تھا کہ وہ کسی بھی غلطی اور کوتاہی کیلئے معافی کی خواستگار ہیں۔انہوں نے لکھا کہ ’’مَیں دعا کرتی ہوں کہ اللہ میری تمام دعائیں قبول فرمائے اور مجھے اس بابرکت راستے پر چلنے کی توفیق دے۔ میں بہت خوش قسمت اور بے حد مشکور ہوں۔ براہ کرم مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔میں عاجز دل اور مضبوط ایمان کے ساتھ ایک بہتر انسان کے طور پر واپس آنے کی امید کرتی ہوں۔‘‘ بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثناء خان بھی حج کیلئے مکہ میں ہیں۔
ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کی بہن انعم بھی ہوں گی، جو ایک فیشن ڈیزائنر، کاروباری شخصیت اور بلاگر ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’’جب میں اپنی زندگی کے سب سے اہم سفر، یعنی حج کا سفر شروع کر رہی ہوں، میں آپ کے ساتھ چند باتیں شیئر کرنا چاہتی ہوں۔ یہ سفر صرف ایک جسمانی سفر نہیں ہے، بلکہ ایک گہرا روحانی تجربہ ہے جس کیلئے میں ذہنی اور جذباتی طور پر تیاری کررہی ہوں۔ یہ سوچنے، توبہ کرنے اور ایمان کی تجدید کا وقت ہے۔‘‘
اسلام ماخاچیف نے ڈسٹن پیرئر کو یو ایف سی ٹائٹل کے مقابلے میں شکست دینے کے چند دن بعد کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ حج کیلئے جارہے ہیں۔
سونی بل ولیمز نے ایکس پر لکھا کہ ’’مجھے حج کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔ الحمدللہ۔‘‘ واضح رہے کہ ولیمز رگبی لیگ میں ملک کیلئے پہلی بار کھیلنے کے بعد رگبی یونین میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے دوسرے شخص ہیں، اور ۴۳؍ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے دو بار رگبی ورلڈ کپ جیتا ہے۔
اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن اور پیس ٹی وی کے بانی اور صدر ذاکر نائیک نے منگل کو ایکس پر پوسٹ کردہ ایک پیغام میں کہا کہ ان کے خاندان کو سعودی عرب کے وزیر حج توفیق الربیعہ نے مدعو کیا تھا۔
پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان ندا یاسر نے سعودی عرب کیلئے روانگی کے وقت انسٹاگرام پر لکھا کہ ’’دعاؤں میں یاد رکھئے۔ حج کیلئے روانہ۔ کہا سنا معاف (کسی بھی غلطی کیلئے معذرت)۔‘‘
پاکستانی اداکارہ ریما خان حج سے قبل مدینہ منورہ میں تھیں۔ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا: ’’الحمدللہ جمعہ کی صبح مدینہ منورہ پہنچی۔‘‘