• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرائیویٹ ٹورآپریٹرس کیلئے مشکلات، رقومات کی ادائیگی کی تاریخ کا تعین

Updated: February 21, 2025, 11:14 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

سعودی عرب نے مشاعر سروسیز کیلئے ۲۲؍فروری ، ہوٹل بکنگ کیلئے ۲۰؍ مارچ اورویزا کی کارروائی کیلئے ۱۸؍ اپریل کی تاریخ مقرر کی۔ ٹور آپریٹرس کی تنظیموں نےپہلے والا سسٹم نافذ رکھنے کی درخواست کی۔

Private tour operators will have to face difficulties due to the instructions related to Qamore Hajj. Photo: INN
پرائیویٹ ٹورآپریٹرس کوامور حج سے متعلق ہدایات کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تصویر: آئی این این

پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے رقومات کی فوری ادائیگی کےلئے تاریخوں کاتعین بڑی مشکلات کاباعث بن رہا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے’ نُسُک‘ حکا م کے ساتھ قونصل جنرل جدہ برائے ہندوغیرہ کی تربیتی نشست میں امورِ حج سے متعلق کچھ اہم ہدایات دی گئی ہیں۔ بالخصوص پرائیویٹ ٹور آپریٹرس(پی ٹی او) کوحکم دیا گیا ہے کہ وقت ِمقررہ کا خیال رکھتے ہوئے رقومات کی فوری طور پر ادائیگی کریں۔ مشاعر سروسیز (منیٰ میں خیمہ، زون میں جگہ، بسوں اورمعلّم کا انتخاب، کھانے وغیرہ کا نظم ) کےلئے رقم ۲۲؍فروری تک ادا کرنی ہے۔ اسی طرح ہوٹل بکنگ کے لئے ۲۰؍مارچ تک اور ویزاکی کارروائی کیلئے ۱۸؍اپریل تک رقم جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 
نُسُک ایپ کیا ہے ؟
 ’ نُُسُک‘ دراصل سعودی وزارت الحج کے ذریعے متعارف کرایا گیا ایک ایسا ایپ ہے جس کے ذریعے امورِ حج اور انتظاماتِ حج کو یقینی بنایاجاتا ہے۔ اب ٹور آپریٹرس کواس ایپ میں رجسٹرکرواکر ہی تمام انتظامات کرنےہیں۔ پہلے یہ نظم نہیں تھا مگر اب اس کے بغیرحج کے تعلق سے کوئی پیش رفت نہیں کی جاسکتی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے حجاج کی رہنمائی بھی کی جاتی ہے ا ورسعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کو بھی عام کیاجاتا ہے۔ اس کی نگرانی کیلئے سعودی اہلکار مامور کئے گئے ہیں۔ 
پی ٹی اوکی مشکلات کا سبب کیا ہے؟
 متعددٹورآپریٹرس سےبات چیت کرنے پر انہوں نے اپنی پریشانی یہ کہتے ہوئے بتائی کہ ہندوستان میں عام طور پر عازمین بالکل اخیر میں رقم کی ادائیگی کرتے ہیں، اسی حساب سے سعودی عرب میں ہوٹل مالکان، معلم، ویزا اوردیگرامور میں رقم جمع کرائی جاتی ہے۔ نُسک کے ذریعے چونکہ رقم کی فراہمی کی ہدات بہت جلدی دی گئی ہے جبکہ اب تک ٹور والوں کے یہاں عازمین نے برائے نام بکنگ کرائی ہے۔ اس لئے مذکورہ بالا مقرر کردہ تاریخوں میں رقم جمع کرانا مشکل ہی نہیں تقریباً ناممکن ہے۔ ہندوستانی عازمین کی جانب سے عیدالفطر کے بعد بکنگ کرانے میں تیزی آتی ہے اوررقم بھی دی جاتی ہے۔ اسی لئے یہ ہدایت پریشانی کا سبب ہے۔ 
وزیٹنگ ویزے پر حج کرنے والوں کوسخت انتباہ 
 اس تربیتی نشست کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ حج ۲۰۲۴ء کے تجربات کے پیش نظراس سال حج ویزا کے اجراء کی آخری تاریخ ۱۸؍اپریل ۲۰۲۵ء مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ عمرہ کرنے والوں کو۲۸؍اپریل ۲۰۲۵ء تک سعودی عرب چھوڑنا ہوگا تاکہ حج کے دوران کسی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔ اسی کے ساتھ سعودی حکومت نے حج کے لئے وزٹ ویزا ہولڈرز کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے ہیں۔ ایسے زائرین جو غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرس کے ذریعے وزٹ ویزا پر حج کرنے کی کوشش کریں گے، انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح خاص طور پر ہندوستانی عازمین حج کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ صرف اُن ٹور آپریٹرس کے ذریعے حج کیلئے بکنگ کرائیں جو وزارت اقلیتی امور حکومت ہند سے رجسٹرڈ ہیں۔ غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرس کے ذریعے حج کی بکنگ سے اجتناب کریں۔ ان اقدامات اورہدایات کی روشنی میں یہ بھی کہا گیا کہ سعودی حکومت کے ان اقدامات کا مقصد حج کے عمل کو منظم کرنا اور عازمین حج کو دشواری سے بچانا ہے۔ 
ٹور آپریٹرس اسوسی ایشن کا پہلے والانظام جاری رکھنے کا مطالبہ 
 آل انڈیاحج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران علوی سے استفسار کرنے پر انہوں نےمذکورہ بالاہدایات کی توثیق کرتے ہوئےکہاکہ’’ تاریخ کے تعین سے ٹورآپریٹرس پریشان ہیں کیونکہ اتنی خطیر رقم کاانتظام فوری طور پرمشکل ہے۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ پہلےجس طرح کا نظام چل رہا تھا، اسی کوجاری رکھا جائے تاکہ ٹورآپریٹرس اور عازمین دونوں کوآسانی ہو۔‘‘ یہی مطالبہ حج فیڈریشن کی جانب سے بھی کیا گیا ہے کہ ٹورآپریٹرس کوخصوصی رعایت دی جائےتاکہ رقم جمع کرانے میں آسانی ہو۔ 
 دوسری اہم بات یہ بھی ہےکہ حج کمیٹی آف انڈیا اورٹور آپریٹرس کے ذریعے حج پرجانے والوں کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ حج کمیٹی حکومت ِ ہند کی نگرانی میں معاملات طے کرتی ہےجبکہ ٹورآپریٹرس کوازخود نظم کرنا ہوتا ہے۔ اس فرق کو اس طرح سےبھی بآسانی سمجھا جاسکتا ہے کہ جہاں اب تک ٹور والوں کی برائے نام بکنگ شروع ہوئی ہے وہیں حج کمیٹی آف انڈیا تقریباًایک لاکھ ۲۲؍ہزار سےزائد عازمین سے فی عازم ۲؍لاکھ ۷۰؍ ہزار۳۰۰؍ روپے جمع کراچکی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK