• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

عازمین کو جلد ازجلد رقم جمع کرانے کی ہدایت

Updated: January 11, 2025, 10:16 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

منتخب ہونے والےمہاراشٹر کے ۶۰۰؍ سےزائد عازمین ایسے ہیں جنہوں نے توسیع شدہ تاریخ گزر جانے کے باوجود اب تک کوئی رقم جمع نہیں کرائی ہے ۔ انہیں۲؍لاکھ ۷۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانےہیں۔ کئی عازمین نے مزیدمہلت کیلئے خط لکھا۔ عازمین کو یاددہانی کرائی جارہی ہے۔

Hajj House located on Pulton Road in Crawford Market area. Photo: INN
کرافورڈ مارکیٹ علاقے کے پلٹن روڈ پر واقع حج ہاؤس۔ تصویر: آئی این این

قرعہ اندازی میں اور۳۶۹۶؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے پر منتخب ہونے والے ۶۰۰؍ سے زائد مہاراشٹر کے عازمین ایسے ہیں جنہوں نے اب تک حج خرچ کی ایک بھی قسط جمع نہیں کرائی ہے۔ حالانکہ آخری تاریخ بلکہ توسیع شدہ تاریخ ۶؍ جنوری بھی گزر چکی ہے۔ ان عازمین کو ۲؍ لاکھ ۷۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے ہیں۔ کئی عازمین نے خط لکھ کر حج کمیٹی سے مزیدمہلت بھی مانگی ہے۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی کی جانب سے خود بھی عازمین کو فون کرکے اور میسیج بھیج کر یاد دہانی کرائی جارہی ہےکہ وہ جلد سے جلد رقم جمع کرائیں تاکہ کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔ رقم جمع نہ کرانے والوں میں ۳۴۷؍کَوَر (منتخب ہونے کے بعد جاری کردہ نمبر) کے عازمین شامل ہیں۔ 
عازمین سے درخواست 
 ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اگر کسی عازم کا حج پر جانے کا ارادہ نہ ہو تو وہ وجہ بتاکر جلد از جلد کینسل کرادے تاکہ دوسرے عازمین کو موقع مل سکے۔ 
  ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسرجہانگیر خان نےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ عازمین کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے رقم جمع کرانے کیلئے پہلے ۳۰؍ دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، اس کےبعد مزیدسہولت فراہم کراتے ہوئے ۶؍جنوری تک تاریخ میں توسیع کی گئی مگر اب بھی مذکور ہ بالا تعداد میں عازمین نے رقم نہیں جمع کرائی ہے۔ خاص بات یہ ہےکہ ان عازمین نےایک بھی قسط جمع نہیں کرائی ہے۔ اس لئے انہیں متعدد مرتبہ یاد دہانی کرائی گئی اورمزید کرائی جارہی ہے تاکہ وہ بلاتاخیر رقم جمع کرادیں ۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’عازمین کی سہولت کاخیال رکھتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی گئی تھی لیکن ۶۰۰؍ سےزائدعازمین کی جانب سے مثبت رویہ نہ اپنانے کے سبب دشواری پیش آرہی ہے۔ اگر بالفرض کوئی ایسا عازم ہے جس کا کوئی مسئلہ ہے یا اسے کوئی ایسی وجہ درپیش ہے جس سےاس کاحج پر جانا مشکل نظر آرہا ہے تو بلاتاخیروہ حج کمیٹی کومطلع کردے تاکہ اس کی جگہ پردوسرے عازم کوموقع مل سکے۔ اس لئےبھی کہ جتنی تاخیرہوگی، اتنی دقت ہوگی۔ ‘‘انہوں نے مزید بتایاکہ ’’ کچھ عازمین ایسے بھی ہیں جنہوں نے نصف رقم جمع کرائی ہے، ان کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ بقیہ رقم بلاتاخیر جمع کرادیں۔ ‘‘
خدام الحجاج اور ٹرینر کےانتخاب کا عمل جاری 
 ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ خدام الحجاج اورعازمین کوتربیت دینے والے ٹرینرس کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ ۱۵۰؍ عازمین حج پرایک خادم الحج اورایک ٹرینر کو منتخب کیا جائےگا۔ درخواستیں پہلےہی موصول ہوچکی ہیں، اب یہ کارروائی آخری مرحلے میں ہے۔ انتخاب کا عمل مکمل ہوجانے کےبعد انہیں ان کی ذمہ داریاں سمجھائی جائیں گی کہ انہیں کس طرح عازمین حج کی تربیت کرنی ہے اورکسی ضرورت پر ان کی کس طرح مددکرنی ہوگی اورکہاں رابطہ قائم کرنا ہوگا۔ 
 واضح ہوکہ عازمین حج کی جانب سے گزشتہ سال خدام الحجاج کے تعلق سے کئی شکایات موصول ہوئی تھیں اوریہ بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب پہنچنےکے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے ادا نہیں کی جس کی وجہ سے عازمین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK