یونائیٹڈ کونسل فار ایجوکشن اینڈ کلچر، بنگلور اور محفلِ نساء کے زیر اہتمام ۸؍ فروری کوکور منگلا انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ’جشنِ یومِ اردو‘ میں کوئز ٹائم ممبئی کے چیئرمین اور ماہنامہ ’شاعر‘ کے مدیر حامد اقبال صدیقی کو باوقار ’محمود ایاز ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔
حامد اقبال صدیقی۔ تصویر: آئی این این
یونائیٹڈ کونسل فار ایجوکشن اینڈ کلچر، بنگلور اور محفلِ نساء کے زیر اہتمام ۸؍ فروری کوکور منگلا انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ’جشنِ یومِ اردو‘ میں کوئز ٹائم ممبئی کے چیئرمین اور ماہنامہ ’شاعر‘ کے مدیر حامد اقبال صدیقی کو باوقار ’محمود ایاز ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب میں اسٹیج پر ۸۰۰؍ طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے اور تعلیمی شعبے سے وابستہ شخصیا ت کے ساتھ ساتھ تقریباً۲؍ ہزار طلبہ شرکت کریں گے۔تقریب سے قبل ایک شاندار اُردو ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حامد اقبال صدیقی اردو کے نامور شاعر ہیں۔ وہ گزشتہ تیس برس سے مہاراشٹر میں اردو ذریعۂ تعلیم کے فروغ اور بقا نیز اُردو املا اور تلفظات کے تئیں بیداری کے سلسلے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ اردو میں جدید اور اپنے طرز کے انوکھے جنرل نالج کوئز ریالٹی شو کے بانی بھی ہیں۔ اس تقریب کا افتتاح حکومت کرناٹک کے وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کریں گے جبکہ صدارت ڈاکٹر شائستہ یوسف کی ہو گی، راجیہ سبھا کے سابق وائس چیئرمین کے رحمان خان، کرناٹک کے اقلیتی امور کے وزیر ضمیر احمد خان، ایم ایل سی نصیر احمد، ایم ایل سی بلقیس بانو اور کرناٹک اردو اکادمی کے چیئرمین مولانا محمد علی قاضی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ دیگر مہمانان میں پروفیسر آلوک رائے، ڈاکٹر اجے کمار سنگھ، ڈاکٹر عذرا نقوی (دہلی) اور پروفیسر ثروت خان (اودے پور) شامل ہیں۔