یادگار کامیابی پر ہر کھلاڑی اور کوچ حضرات کو بالترتیب ۵؍اور ۱۰؍ہزارروپے انعام دینے کا اعلان۔
EPAPER
Updated: December 20, 2024, 6:07 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
یادگار کامیابی پر ہر کھلاڑی اور کوچ حضرات کو بالترتیب ۵؍اور ۱۰؍ہزارروپے انعام دینے کا اعلان۔
انجمن اسلام الانا اور ماڈرن انگلش اسکول، چمبور کے درمیان بریبورن اسٹیڈیم میں ہیرس شیلڈ فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ ہیرس شیلڈ کی ۱۲۸؍سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میچ ٹائی ہوا۔تاہم ممبئی اسکولس اسپورٹس اسوسی ایشن نے انجمن کو اسکی پہلی اننگز کی ۴؍ رنوں کی برتری کی بنیاد پر فاتح قرار دیا ۔انجمن کے بلےباز محمد حمزہ خان کو پہلی اور دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے پر بہترین بلے باز کےاعزاز سے نوازاگیا۔
پہلی اننگز میں انجمن نے۲۶۷؍اور ماڈرن انگلش اسکول نے ۲۶۳؍ رن بنائے ،جس کی بنا پر انجمن کو پہلی پاری میں ۴؍رنوںکی برتری حاصل ہوئی۔ دوسری اننگ میں انجمن کی ٹیم ۲۰۳؍ رنوں پر آل آئوٹ ہوئی۔ ماڈرن انگلش اسکول کو فائنل میچ جیتنے کیلئےپہلی اننگز کی ۴؍رنوں کی لیڈ کیساتھ ۲۰۸؍ رن بنانے تھے جبکہ ماڈرن اسکول کی ٹیم نے مقررہ ۴۰؍اوورکے کھیل میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۷؍ رن ہی بنا پائی۔
انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے اس تاریخی کامیابی پر کہا کہ ’’انجمن اسلام کرکٹ کے شعبہ میں ہمیشہ آگے رہاہے لیکن کچھ تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے درمیان میں ہماری کارکردگی بہتر نہیں رہی،اب انجمن کرکٹ کے معیار کواعلیٰ بنانےکی کوشش کر رہا ہے ۔ گزشتہ ایک سال کی متواتر کوششوں کا نتیجہ ہے کہ انجمن نے ہیرس شیلڈ پر ۳۱؍سال بعد دوبارہ قبضہ کرلیا ہے جس کیلئے انجمن کی کرکٹ ٹیم اور کوچ غلام پرکار اور قدیر پٹیل مبارکباد کےمستحق ہیں۔ اس یادگار کامیابی پر ہر کھلاڑی اور کوچ حضرات کو انجمن کی جانب سے بالترتیب ۵؍اور ۱۰؍ہزار روپے کا انعام دیاجائے گا۔ ‘‘ قابل ذکر ہے کہ میچ کےنتیجے پر تنازع بھی ہوا۔ امپائرزروپیش کھڈگی اور رویندرا کولپے اور ماڈرن انگلش اسکول کے کوچ سبرامنین ڈورائی سوامی نے مذکورہ فیصلہ ماننے سے منع کر دیا۔ انہوں نے اعتراض کیا کہ پہلی اننگزکی لیڈکی بنیاد پر فیصلہ نہیں کیا جانا چاہئے۔