ہرش وردھن سپکال نے مہاراشٹر کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھالا، کانگریس کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے اور پارٹی کو اقتدار میں لانے کا عزم۔
EPAPER
Updated: February 19, 2025, 10:52 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ہرش وردھن سپکال نے مہاراشٹر کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھالا، کانگریس کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے اور پارٹی کو اقتدار میں لانے کا عزم۔
کانگریس کے اہم عہدیداران اور سیکڑوں کارکنان کی موجودگی میں تاریخی شعر:
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
پڑھ کر مہاراشٹر کانگریس کے نئے صد ہرش وردھن سپکال نے اپنا عہدہ سنبھالا۔ بلڈانہ سے رکن اسمبلی سپکال ایک غیر معروف چہرہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ عام طور پر وہ سماجی خدمات کے دوران شہرت سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اسی بنیاد پر انہیں صدارت کا عہد ہ دیا گیا ہے۔ ممبئی کے برلا ماتوشری ہال میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ اب ہمیں رونا نہیں، لڑنا ہے، کانگریس کے نظریات کو گھر گھر پہنچانا ہے۔ ‘‘ سپکال کے مطابق کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی اور ۵؍ سال بعد اپنا وزیر اعلیٰ بنائے گی۔ نومنتخب صدر کے مطابق ’’ مجھے اسمبلی یا پارلیمنٹ کی رکنیت کا لالچ نہیں ہے۔ میں صرف مہاراشٹر بھر میں کانگریس کے نظریات کو عام کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہوں گا۔ ‘‘انہوں نے پرجوش انداز میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پارٹی کو مضبوط کیا جائے اور ہر کارکن کو جوڑ کر پارٹی کو فعال بنایا جائے۔ کیونکہ اب رونے کا وقت نہیں بلکہ لڑنے کا وقت ہے، ہمیں سڑکوں پر اتر کر سخت جدوجہد کرنی ہوگی۔ ہمارے پاس سب سے زیادہ تجربہ کار لیڈر ہیں جو ہمیں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میں رہنمائی کریں گے۔ ‘‘
اس تقریب میں ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھلا، اسمبلی میں پارٹی لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزرائے اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور سشیل کمار شندے، سینئر لیڈر بالاصاحب تھورات، گوا کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان، رکن راجیہ سبھا چندر کانت ہنڈورے، سینئر لیڈر شیواجی راؤ موگھے، سابق وزراء امیت دیشمکھ، یشومتی ٹھاکر، اراکین اسمبلی امین پٹیل، اسلم شیخ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری و معاون انچارج بی ایم سندیپ، کنال چودھری، بی وی وینکٹیش، ریاستی کارگزار صدر و رکن پارلیمنٹ پرنیتی شندے، کنال پاٹل، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، گنیش پاٹل اور چیف ترجمان اتل لونڈھے سمیت متعدد اہم لیڈران موجود تھے۔
انہوں نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی خود مضبوط نہیں تھی، اسی لئے اس نے شیوسینا اور این سی پی کو توڑ کر اپنے اقتدار کو بچانے کی کوشش کی۔ کانگریس لیڈران کو بھی بی جے پی میں شامل کیا گیا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ہم کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کریں گے اور پارٹی کے نظریات کو ہر گھر تک پہنچائیں گے، تاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی حکومت قائم ہو اور ریاست کا وزیر اعلیٰ کانگریس سے ہو۔
اس تقریب سے رمیش چینی تھلا اور نانا پٹولے نے بھی خطاب کیا۔ پٹولے نے اپنے جانشین کو عوامی مسائل کرنے کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا اور کانگریس کو دوبارہ مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔ چینی تھلا نے بھی کہ کانگریس جلد دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔