کسانوں اور خواتین کیلئے خصوصی ضمانتیں، ہر ماہ۲؍ ہزار روپے اورخط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے و الوں کو ۲؍ کمرےکے مکان کاوعدہ
EPAPER
Updated: September 18, 2024, 11:53 PM IST | New Delhi
کسانوں اور خواتین کیلئے خصوصی ضمانتیں، ہر ماہ۲؍ ہزار روپے اورخط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے و الوں کو ۲؍ کمرےکے مکان کاوعدہ
ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس نے بدھ کو۷؍ ضمانتوں اوروعدوں پر مشتمل اپنے گارنٹی کارڈ کا اعلان کیا جس میں عوام کو مختلف فلاحی اسکیموں کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نےپارٹی کی طرف سے ۷؍ اہم ضمانتوں کا اعلان کیا۔ ان میں سے کئی اسکیمیں خواتین، بزرگوں، اور کمزور طبقے کے لوگوں کیلئے مخصوص ہیں۔
دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی(اےآئی سی سی) کے ہیڈکوارٹر میں ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کے منشور کے حصے کے طور پر گارنٹی کارڈ جاری کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا اور ہریانہ کانگریس کے صدر اُدے بھان بھی موجود تھے۔کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگر ریاست میں ان کی حکومت تشکیل پاتی ہے خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو دو کمرے کا مکان فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، خواتین کو ہر ماہ۲؍ ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم۱۸؍ سے۶۰؍ سال کی عمر کی خواتین کو دی جائے گی جس کا مقصد خواتین کو اقتصادی طور پر خود مختار بنانا ہے۔
کانگریس لیڈر دیپک باوریا نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں ہریانہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کو خود مختاربنانے کے مقصد سے ہر ماہ۲؍ ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والوں کیلئے کانگریس نے۵۰۰؍ روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
معمر افراد ، معذور افراد اور بیواؤں کو۶؍ ہزار ہزار روپے ماہانہ پنشن فراہم کی جائے گی۔ ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کو دوبارہ نافذ کیا جائے گا جس سے ان کی زندگی آسان ہو جائے گی۔ نوجوانوں کیلئے، کانگریس نے۲؍ لاکھ خالی عہدوں پر بھرتی کرنے اور ہریانہ کو نشہ سے پاک کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ۳۰۰؍ یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنے کی بھی ضمانت ہے۔کانگریس نے مزید اعلان کیا کہ ۲۵؍ لاکھ روپے تک مفت طبی علاج فراہم کیا جائے گا۔۱۰۰؍گز کا پلاٹ فراہم کیا جائے گا ا اور۳ء۵؍ لاکھ روپے کی قیمت کے ۲؍ کمرے کا مکان دیا جائے گا۔