• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہریانہ : وزیراعلیٰ، وزیر، اسمبلی اسپیکر اور ۲؍اراکین اسمبلی کورونا پازیٹیو

Updated: August 26, 2020, 7:21 AM IST | Agency | Chandigarh

اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع ہونے سے عین قبل یہ معاملات سامنے آگئے ، اجلاس پر غیر یقینی صورتحال

Manohar Lal Khattar - Pic : INN
منوہر لال کھٹر ۔ تصویر : آئی این این

 ہریانہ اسمبلی اجلاس شروع ہونے سے عین قبل ریاست کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر، اسمبلی اسپیکر گیان چند گپتا، وزیر ٹرانسپورٹ مول چند شرما اور حکمراں جماعت بی جے پی کے اُندری سے رکن اسمبلی رام کمار کشیپ اور رتیا سے رکن اسمبلی لکشمن ناپا کورونا پازیٹیو قرار دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ منوہر کھٹر نے  پیر کی دیرشام اور مول چند شرما نے منگل کی صبح ٹویٹ کے ذریعہ اس کی اطلاع فراہم کی۔ کھٹر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ انہوں نے کچھ علامات نظر آنے کے بعد کووڈ ٹیسٹ کرایا جس میں  ان کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔انہوں نے گزشتہ ہفتے ان  کے رابطہ میں آنے والے اپنے تمام ساتھیوں سے ٹیسٹ کروانے اور ان کے قریبی رابطے میں آنے والوں کو کوارینٹائن  ہوجانے کی اپیل کی ہے۔وزیر اعلیٰ کے پازیٹیو آنے سے پوری ریاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور کافی چہ میگوئیاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ یہ معاملات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جلد ہی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا تھا ۔ 
 خیال رہے کہ حکومت نے۲۶؍اگست سے اسمبلی کا مانسون اجلاس بلایا ہے۔ اس سے عین قبل ہی وزیراعلیٰ، ریاستی وزیر، اسمبلی اسپیکر اور۲؍ اراکین اسمبلی کے کوروناپازیٹیو پائے جانے سے اجلاس کے انعقاد پر غیریقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ممکن ہے کہ اس کی مدت کم کردی جائے یا اسے ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے اسمبلی اجلاس میں حصہ لینے  والے تمام وزراء اور اراکین اسمبلی سے کورونا جانچ کرانا لازمی قرار دیا  ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ بیشتر اراکین اسمبلی کی کورونا پازیٹیو رپورٹ منفی آئی ہے۔کورونا سے بچاؤ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے میڈیا کا بھی اسمبلی احاطے میں داخلہ ممنوع کیا ہے۔ البتہ ایوان میں ہونے والی کارروائی کا ہریانہ ہاؤس میں براہ راست نشریات کا انتظام کیا گیا ہے اور یہیں سے میڈیا کوریج ہوگی۔ان اہم شخصیات کے علاوہ یہاں ایم ایل اے ہاسٹل کے مزید تین رکن اسمبلی کے۹؍ ملازمین بھی کورونا متاثرپائے گئے ہیں۔ اسی طرح پنچکولہ کی ایس ڈی ایم رِچا راٹھی اور ایڈیشنل پولیس کمشنر نوپور بشنوئی بھی کورونا کی زد میں آگئی ہیں۔ اس کے بعد سے انتظامیہ نے سبھی سے احتیاط برتنے کی اپیلیں کرنا شروع کردیا ہے۔

شیبو سورین بھی مثبت 

دودن قبل کووڈ انفیکشن کی تصدیق ہونے کے بعد جھارکھنڈ مکتی مورچہ(جے ایم ایم) کے صدر شیبو سورین کو راجدھانی رانچی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔جے ایم ایم سپریمو شیبوسورین اوران کی اہلیہ کی کورونا جانچ رپورٹ سنیچر کو پازیٹیو آئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK