جس تنظیم نے ایوارڈ دیا اسےشندے نے انعام کی رقم کا دو گنا چندہ دیا۔
EPAPER
Updated: February 14, 2025, 5:24 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
جس تنظیم نے ایوارڈ دیا اسےشندے نے انعام کی رقم کا دو گنا چندہ دیا۔
ایک روز قبل دہلی میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو شرد پوار کے ہاتھوں مہادجی شندے ایوارڈ دیا گیا تھا جو کہ مہاراشٹر کی سطح پر بے حد اہم ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔ پوار کے ہاتھوں شندے کو ایوارڈ دیئے جانے پر سیاسی حلقوں میں ہنگامہ مچ گیا۔ شیوسینا (ادھو) نے اس پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ پارٹی ترجمان سنجے رائوت نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ساہتیہ سمیلن اس وقت دلالوں کا اڈہ بناہوا ہے اور اس طرح کے ایوارڈ خرید کر حاصل کئے جاتے ہیں۔ ایک طرح سے سنجے رائوت نے ساہتیہ سمیلن جیسے ایک باوقار انعقاد ہی پر سوالیہ نشان لگا دیا لیکن کیا واقعی ایکناتھ شندے نے مہادجی شندے ایوارڈ خرید کر حاصل کیا ہے؟
اس تعلق سے ایک دلچسپ معلومات سامنے آئی ہے۔ دراصل ساہتیہ سمیلن کا انعقاد ہر بار ایک نئی جگہ منعقد ہوتا ہے اور اس کے انعقاد کی ذمہ داری یا اجازت کسی نئی تنظیم کو دی جاتی ہے۔ اس بار یہ سمیلن دہلی میں منعقد ہو رہا ہے اور انعقاد کی ذمہ داری پونے کی ایک تنظیم سرحد کے ذمہ ہے۔ سرحد کے سربراہ ہیں سنجے نہار جو کشمیر بچوں کی تعلیم کیلئے کام کرتے ہیں اور ان کیلئے انہوں نے اسکول اور کالج بھی کھولے ہیں۔ پونے میں ان کے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اسی تنظیم نے مہادجی شندے ایوارڈ کیلئے ایکناتھ شندے کا نام منتخب کیا ہے۔ سنجے نہار کا کہنا ہے کہ ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وقار میں اضافہ کرنے کیلئے کافی کام کیا ہے جیسے انہوں نے کشمیر میں مہاراشٹر بھون تعمیر کروایا ہے۔ اسی طرح اور بھی کام کئے ہیں ۔ چونکہ مہادجی شندے کی شناخت ہی مہاراشٹر کا نام دہلی تک روشن کرنے کے پس منظر میں ہے، اس لئے انہیں اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔
البتہ جو اہم بات اس دوران پیش آئی وہ یہ ہے کہ ایکناتھ شندے کو ایوارڈ کے ساتھ جو ۵؍ لاکھ روپے نقد ملے ہیں ، شندے نے اس میں مزید ۵؍ لاکھ روپے ملا کر سنجے نہار کی تنظیم سرحد کو عطیہ کر دیا ہے۔ سینئر صحافی نکھل واگلے کہتے ہیں کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سنجے نہار جیسے شخص کیلئے ایسی بات کہنی پڑ رہی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایوارڈ خریدنے کا یہ ایک تکنیکی طریقہ ہے کہ جو رقم انعام میں ملی ہے اس میں اپنی طرف سے رقم ملا کر اسے اسی تنظیم کو ہدیہ کردو جس نے ایوارڈ دیا ہے۔ اسی کو ایوارڈ خریدنا کہتے ہیں۔ حالانکہ واگلے نے واضح کیا کہ یہ صرف قیاس ہے لیکن جوالزام سنجے رائوت نے لگایا ہے اس کی تحقیقات بھی ضروری ہے۔