Inquilab Logo

ہاتھرس میں دلدوز سانحہ، مذہبی تقریب میں بھگدڑ مچ گئی،۱۲۰؍سے زائد ہلاک

Updated: July 02, 2024, 9:08 PM IST | Lucknow

ہلاک شدگان میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ہے، کئی زخمیوں کی حالت نازک، ہاتھرس کے پھولرائی گائوں میں بھولے بابا ستسنگ میں یہ دردناک حادثہ پیش آیا ۔

Officials taking the victims to the hospital. Photo: PTI
اہلکار متاثرین کو اسپتال لے جاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 یوپی کے ہاتھرس میں ایک مذہبی تقریب (بھولے بابا کا ستسنگ) کے دوران زبردست بھگدڑ مچ گئی جس کے سبب۱۲۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ ان میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ایسے میں اندیشہ ہے کہ اموا ت کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔اس بارے میں ایٹہ کے چیف میڈیکل آفیسر اُمیش کمار ترپاٹھی نے بتایا کہ ۱۲۰؍سے زائد ہلاکتیں ہیں جبکہ ان میں سے ۲۷؍ کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے اور دیگر کا کیا جارہا ہے۔ ان ۲۷؍ میں سے ۲۳؍ خواتین تھیں اور ۳؍ بچےتھے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بھگدڑ میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ہلاک ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاتھرس ضلع کے سکندرا راؤ تھانہ علاقے کے پھولرائی گاؤں میں بھولے بابا کے ستسنگ کے دوران یہ بھگدڑ مچی جس میں کئی جانیں چلی گئیں۔ بھگدڑ کیسے مچی اس بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ کہا نہیں جاسکتا لیکن رپورٹس یہ ظاہر کررہی ہیں کہ ستسنگ کے میدان سے باہر نکلنے کے۲؍ راستے تھے۔ ستسنگ ختم ہونے کے بعد انتظامیہ نے ایک راستہ بند کردیا تاکہ وہاں سے بھولے بابا کی کاروں کا قافلہ نکل سکےجس کی وجہ سے عقیدت مندوں کا پورا ہجوم ایک ہی راستہ سے باہر نکلنے لگا۔ اسی دوران دھکم پیل میں کچھ خواتین گر گئیں اور ان پر دوسری خواتین اور بچے گرتے گئے۔ عالم یہ ہو ا کہ انتظامیہ نے ایک پر ایک گریں کم از کم ۲۰؍ لاشیں اٹھائی ہیں۔
یہ منظر نکاسی کے دروازے کے بالکل قریب پیش آیا۔ ایک اندازے کے مطابق ستسنگ میں ۱۸؍ ہزار سے زائد لوگ موجود تھے لیکن جہاں پر یہ تقریب ہوئی اس میدان میں ۷؍ سے ۸؍ ہزار افراد کی ہی گنجائش ہے۔ ایسے میں انتظامیہ کے ذریعے یہاں تقریب کی اجازت دینے پر بھی سوال اٹھ رہا ہے۔ فی الحال لاشوں کو ایٹہ میڈیکل کالج لایا گیا ہے۔ یہاں پر اسپتال کے باہر مہلوکین اور زخمیوں کے رشتہ داروں کا ہجوم ہو گیا ہے جس کے بعد زائد پولیس فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کو تیز کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے معاوضہ کا اعلان بھی کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK