ستارہ، پونے، سانگلی اور کولہاپور اضلاع کے لئے یلو الرٹ ، شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت ، جلگاؤں میں بے موسم بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سےفصلوں کا نقصان۔
EPAPER
Updated: April 18, 2025, 12:49 PM IST | Agency | Mumbai
ستارہ، پونے، سانگلی اور کولہاپور اضلاع کے لئے یلو الرٹ ، شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت ، جلگاؤں میں بے موسم بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سےفصلوں کا نقصان۔
ان دنوں ریاست کے مختلف اضلا ع شدید گرمی کی زد میں ہیں۔ خاص طور پر مغربی مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے شہری بے حال ہو گئے ہیں۔
اس شدید گرمی کے دوران محکمہ موسمیات نے ستارہ، پونے، سانگلی اور کولہاپور اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے جہاں آئندہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مہاراشٹر کے دیگر علاقوں میں گرمی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ودربھ کے کچھ حصوں میں بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ پونے شہر میں بدھ کو درجہ حرارت۴۰ء۸؍ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری اور کم سے کم۲۰؍ ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اگرچہ آسمان صاف رہنے کی توقع ہے لیکن دوپہر کے وقت گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جائے گا۔
اسی دوران مغربی مہاراشٹر میں مجموعی طور پر درجہ حرارت۱۹ء۶؍ ڈگری سے۴۲ء۲؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے جمعرات کو یہ اشارہ دیا ہے کہ آنے والے چند گھنٹوں میں بارش کے لئے حالات سازگار ہو سکتے ہیں۔
ستارہ ضلع میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وہاں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ۴۱؍ ڈگری اور کم سے کم۲۰؍ ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ سانگلی ضلع بھی شدید گرمی کی زد میں ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۴۰؍ ڈگری تک جا سکتا ہے اور محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ ایک یا دو مرتبہ طوفان آنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
کولہاپور میں موسم قدرے بدلنے کی توقع ہے۔ وہاں مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۹؍ڈگری اور کم سے کم ۲۱؍ڈگری سیلسیس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری طرف جلگاؤں ضلع میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بے موسم بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں نےفصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
جلگاؤں ضلع کے مختلف تعلقوں جیسے راور، مکتی نگر، بودواڑ، چوپڑا، جلگاؤں اور یاول میں فصلوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق ان ۷؍ تعلقوں میں تقریباًایک ہزار ہیکٹر زمین پر کھڑی فصل متاثر ہوئی ہے۔
راور اور مکتی نگر تعلقہ میں کیلے کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں تعلقوں کے۲۵؍ دیہات تیز طوفان کی زد میں آئے جہاں تقریباً۷۰۰؍ ہیکٹر رقبے پر کھڑی کیلے کی فصل تباہ ہو گئی۔ علاوہ ازیں، جلگاؤں، یاول اور چوپڑا تعلقہ میں ۳۰۰؍ ہیکٹر پر جوار، مکئی اور کیلے کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ اس دوران محکمہ زراعت کے افسران نے متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے اور تمام تفصیل جمع کی جا رہی ہے تاکہ کسانوں کو حکومت کی جانب سے ممکنہ مالی مدد فراہم کی جا سکے۔