محکمہ موسمیات کے مطابق ہولی کے بعدلوچلنے کا امکان ہےجبکہ پہاڑی ریاسوں میں بارش و برف باری بھی ہوسکتی ہے۔
EPAPER
Updated: March 10, 2025, 11:59 AM IST | Agency | New Delhi
محکمہ موسمیات کے مطابق ہولی کے بعدلوچلنے کا امکان ہےجبکہ پہاڑی ریاسوں میں بارش و برف باری بھی ہوسکتی ہے۔
ملک میں ٹھنڈ کا موسم اپنے آخری دور میں ہے۔ کچھ دنوں میں گرمی کی شدت شروع ہونے والی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے دوسرے ہفتے کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگے گا اور پھر لُو کا قہر شروع ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے ہولی کے دن۱۴؍ مارچ کو راجدھانی دہلی کے کئی علاقوں ہلکی بارش ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ پہاڑوں پر بھی موسم بدلے گا اور برف باری ہوگی۔ جموں و کشمیر کے ساتھ اتراکھنڈ میں لینڈ سلائڈ ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو مغربی ہواؤں میں ہلچل کےآثار ہیں ۔ اس وجہ سے کئی شہروں میں آسمان میں جزوی بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ صبح میں دھند ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۲؍ ڈگری سلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت ۱۵؍ ڈگری سلسیس رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کودہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۱ء۱؍ ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو معمول سے۲ء۷؍ ڈگری سلسیس زیادہ ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت ۱۳ء۴؍ ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو معمول سے۰ء۶؍ ڈگری کم ہے۔ پیر کو اونچائی والے علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کے آثار ہیں۔ جس سے پارہ میں معمولی گراوٹ آ سکتی ہے۔
اتر پردیش میں پیر کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یوپی میں ان دنوں کافی تیز ہوا بھی چل رہی ہے۔ صبح اور شام کی ٹھنڈ ابھی برقرار ہے۔ حالانکہ موسم اب کروٹ لینے والا ہے جس کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ شمال مغربی ضلعوں میں ۱۳؍ اور۱۴؍مارچ کو بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں بہار اور جھارکھنڈ میں دن کا درجہ حرارت بڑھے گا۔