عروس البلاد اور تھانے میں جمعہ اور سنیچر کیلئے گرمی کا ’یلو الرٹ‘، رائے گڑھ اور رتنا گیری بھی متاثر ہونگے، شہریوں کو بغیر ضرورت دھوپ میں نہ نکلنےکا مشورہ
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 9:59 AM IST | Mumbai
عروس البلاد اور تھانے میں جمعہ اور سنیچر کیلئے گرمی کا ’یلو الرٹ‘، رائے گڑھ اور رتنا گیری بھی متاثر ہونگے، شہریوں کو بغیر ضرورت دھوپ میں نہ نکلنےکا مشورہ
اب تک اگر آپ کو ممبئی میں گرمی محسوس نہیں ہوئی ہے تو تیار ہو جائیے کیوں کہ اگلے چند دن گرمی یہاں مزاج پوچھے گی۔چند دنوں کی راحت کے بعد ممبئی میں گرمی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو ممبئی اور تھانے سمیت دیگر علاقوں میں گرم لہر چلنے کا انتباہ دیا ہے۔ ساتھ ہی گرمی کی لہر سے پہلے کے دنوں میں بھی گرمی کا ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے یعنی ان دنوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہی رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کو دوپہر کے وقت جاری کی گئی وارننگ میں بتایاگیا ہے کہ ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور رتنا گیری میں گرم لہر چلنے کی توقع ہے۔ پال گھر میں صرف اتوار کو گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس وارننگ کے مطابق ممبئی میں صرف ۸؍ مارچ یعنی سنیچر کو یلو الرٹ نہیں ہے لیکن موسم خشک اور گرمی زیادہ رہ سکتی ہے تاہم جمعہ اور سنیچر کو متذکرہ تمام علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کے سبب عوام کو بغیر ضرورت کڑی دھوپ میں نکلنے سے بچنے، زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور سوتی اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ جن افراد کیلئے ممکن ہو انہیں دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔اگرچہ بدھ کو ممبئی کے مضافات میں واقع سانتا کروز کی مشاہدہ گاہ میں درجہ حرارت ۳۷ء۴؍ ڈگری ریکارڈ کی گیا تھا لیکن جمعرات کو ۱ء۹؍ ڈگری کی کمی کے ساتھ یہاں کا درجہ حرارت ۳۵ء۵؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات کو قلابہ میں درجہ حرارت ۳۵ء۳؍ ڈگری جبکہ تھانے میں ۳۷ء۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جن مقامات پر گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کی گئی ہے ان میں رتنا گیری میں جمعرات کا درجہ حرارت ۳۸؍؍ ڈگری کے ساتھ ریاست میں بھی سب سے زیادہ رہا۔
موسم کا حال بتانے والے نجی ماہرین کے مطابق مشرقی سمت سے آنے والی طاقتور گرم ہوائوں کی وجہ سے ممبئی میں مانسون کی آمد سے قبل کا موسم بھی متاثر ہورہا ہے اور شدید گرمی بھی پڑ رہی ہے۔ یہ اثرات اگلے کچھ دنوں تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’کلائمیٹ چینج‘ کے اثرات کے سبب ممبئی میں ایسے وقت بھی گرمی پڑ رہی ہے جب یہاں کا موسم زیادہ گرم نہیں ہوتا۔ اسی کے اثر سے اس سال موسم گرما میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے ۳؍ ڈگری زیادہ رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوںکی وجہ سے اس سال ممبئی میں جنوری کا تیسرا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا جاچکا ہے جبکہ فروری کے اخیر کے دنوں میں بھی گرمی کی لہر چلی تھی حالانکہ ممبئی میں ان دونوں مہینوں میں سردی پڑتی ہے اور اور سردی نہ بھی پڑے تو موسم کافی خوشگوار رہتا ہے لیکن اس مرتبہ کئی دنوں تک موسم گرم رہا اور درجہ حرارت ۳۴؍ ڈگری سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ موسم میں بے ترتیب تبدیلیوں کی وجہ سے ہوائوں کا رُخ بھی تیزی سے تبدیل ہورہا ہے جس کی وجہ سے شہر و مضافات میں فضائی آلودگی کا مسئلہ بھی برقرار ہے۔ تاہم شدید گرمی کے باعث گزشتہ چند روز سے فضائی آلودگی قابو میں ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی ساحل سمندر پر آباد ہے اس لئے یہاں محکمہ موسمیات کی ۲؍ مشاہدہ گاہیں ہیں اور قواعد کے مطابق اگر ان دونوں مشاہدہ گاہوں پر لگاتار ۲؍ دن تک ۳۷؍ ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے تو گرم لہر کا الرٹ جاری کیا جاتا ہے۔ اگرچہ جمعرات کو درجہ حرارت میں کچھ کمی آئی تھی لیکن ماہرین نے درجہ حرارت دوبارہ اوپر جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اسی لئے انہوں نے اگلے ۳؍ دنوں کیلئے گرم لہر کا الرٹ جاری کیا ہے اور شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔