• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج شب ِبرأت پر قبرستانوں میں پولیس کا زبردست پہرہ

Updated: February 13, 2025, 11:56 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

اعلیٰ افسران نے حفاظتی امور کے متعلق متعدد قبرستانوں کے ٹرسٹیان سے تبادلۂ خیال کیا۔ ٹرسٹیان نےزائرین کو بھی چند امور کی جانب متوجہ کیا۔

Police officers discussing with trustees and local officials outside Nowpara cemetery. Photo: INN
نوپاڑہ قبرستان کے باہر ٹرسٹیان اور مقامی ذمہ دارافراد کے ساتھ پولیس افسر تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

آج شب برأت کے پیش نظر احتیاطاً شہر ومضافات کے تمام قبرستانوں کے باہر پولیس کا خصوصی پہرہ رہے گا۔ چونکہ اس موقع پر  قبرستان جاکرایصال ثواب اور دعائے مغفرت کرنےوالوں کاسلسلہ رات بھر جاری رہتا ہے اسلئے پولیس کی جانب سے بھی پیشگی تیاری کی گئی ہے ۔اس تعلق سےممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر اورجوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈرکی جانب سے چنددن قبل ہی اپنے ماتحت پولیس افسران کو ہدایت جاری کی جاچکی ہے ۔  دوسری جانب حفاظتی انتظامات سے متعلق ٹرسٹیان کے ہمراہ پولیس کی میٹنگیںبدھ کو بھی جاری رہیں۔ اس کے ساتھ ہی اعلیٰ پولیس افسران نے متعدد قبرستانوں کا جائزہ لیا اور یہ دیکھا کہ کس طرح بہتر حفاظتی بندوبست کیا جائےکہ کثرت سےلوگوں کی آمد ورفت کے باوجود کسی قسم کا اندیشہ نہ رہے۔
ٹرسٹیان نے سہولت اوربہتر انتظامات کی یقین دہانی کروائی 
 بڑاقبرستان ، ناریل واڑی قبرستان، ما ہم اورحاجی علی درگاہ، باندرہ نوپاڑہ قبرستان، کرلا قصائی واڑہ قبرستان، دیونار قبرستان گوونڈی ،مالونی اویس قرنی قبرستان، میرا روڈ اوردیگر قبرستانوں میں ٹرسٹیان کی جانب سے ہرطرح کی سہولت کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ٹرسٹیان نے انقلاب کوبتایا کہ ’’زائرین کی کثر ت سے آمد کے پیش نظرصاف صفائی، پانی اورروشنی کا معقو ل انتظام کیا گیا۔‘‘
پولیس کی جانب سے کن۶؍ اہم نکات پرتوجہ دلائی گئی 
(۱)گاڑیوں کی پارکنگ قبرستان کے گیٹ پریا قریب میں ایسی جگہ پرہرگز نہ کی جائے جس سے آمدورفت میںدشواری ہو (۲) بھکاریوں کوقریب میںنہ بیٹھنے دیں(۳) سامان کے ساتھ قبرستان نہ آنے دیںاوراگرکوئی بیگ وغیرہ لےکرآئے تواسکی جانچ ہو (۴)پولیس باہر نگرانی کرے گی مگر اندرمامور رضاکار اس طرح سے لوگوں کی رہنمائی کریں کہ بہت زیادہ مجمع نہ ہو تاکہ بھگدڑ کا اندیشہ نہ رہے (۵)مشکوک افراد پر نگاہ رکھی جائےاور ہنگامہ آرائی کے بجائے پولیس کو اس کی نشاندہی کردیں (۶) جہاں سی سی ٹی وی کیمرے  اورڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر نصب کئے جائیں گے اس کے ذریعے بھی اخیر وقت تک دھیان دیاجائے۔ 
ٹرسٹیان کی جانب سے زائرین سے کیا کہا گیا 
 بڑا قبرستان ٹرسٹ (مرین لائنس ) کی جانب سےقبرستان کےاندر اورگیٹ پر بینرآویزاں کرکے جیب کتروں سے ہوشیار رہنے ، موبائل فون کی حفاظت ، پانی ضائع نہ کرنے ،صاف صفائی اورقبرستان کے تقدس کا خیال رکھنےاورسیکوریٹی اہلکاروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔ ناریل واڑی قبرستان ٹرسٹ کی جانب سےبھی مذکورہ بالا احتیاط پر توجہ دلانے کےعلاوہ چوروں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا گیا اورخواتین کوساتھ نہ لانے کی درخواست کی گئی۔
بڑا قبرستان کے پاس پارکنگ زون اورنو انٹری ایریا
بڑاقبرستان میں چونکہ سب سے زیادہ بھیڑبھاڑہوتی ہے اس لئے مہارشی کروے روڈ ، گیٹ نمبر ۱۰؍ اور شمسان کی جانب قبرستان کی فٹ پاتھ کے پاس پارکنگ کی اجازت دی گئی ہے ۔ سری کانت پالیکر مارگ پر ’سی وارڈ ‘میونسپل آفس سے تار واڑی کو ’نو انٹری‘ قراردیا گیا ہے ۔اسکے علاوہ کوئی بھی سامان ساتھ نہ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔خواتین کوبھی آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حاجی علی درگاہ میںرات بھرخصوصی انتظام 
 شبِ برأت میں حاجی علی میںزائرین کی بڑی تعداد میں آمد ہوگی ۔اس کے پیش نظر ۱۵۰؍رضاکار ، ۲۵؍تیراک، ۷۸؍سی سی ٹی وی کیمرے، ۵؍کیمرہ آپریٹرز، مسلسل اعلانات ، فرسٹ ایڈ کی سہولت، پولیس بندوبست اورروڈبیریکیڈنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ حاجی علی اور ماہم درگاہیںرات بھرکھلی رہیں گی۔ یہ تفصیلات درگاہ کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر محمداحمد طاہرنے بتائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK