• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی، تھانے میں دوبارہ شدید بارش، معمولات متاثر

Updated: August 04, 2024, 10:40 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بہار، جھار کھنڈ اور راجستھان میں موسم میں تبدیلیوں کے اثر سے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میںکچھ دن تیز بارش کا امکان۔

It continued to rain throughout the day in Mumbai on Saturday, the picture below shows the view of an area of ​​the city. Photo: PTI
ممبئی میں سنیچر کو دن بھر بارش ہوتی رہی ،زیر نظر تصویرمیں شہر کے ایک علاقےکا منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

 چند روز کے وقفہ کے بعد ممبئی اور تھانے میں زوردار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی محکمہ موسمیات نے سنیچر کو وارننگ میں تبدیلی کرتے ہوئے آئندہ ۲؍ سے ۳؍ روز تک زوردار برسات جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق بہار، جھار کھنڈ، راجستھان اور مغربی بنگال میں موسم میں تبدیلیوں کے اثر سے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہورہی ہے۔اس دوران ممبئی میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔
 سنیچر کو صبح سے ممبئی ومضافات کےساتھ تھانے، نوی ممبئی، کلیان، الہاس نگر، بھیونڈی، واشی، پنویل کرجت اور کھپولی کے مختلف علاقوں میں دن بھر تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ممبئی میں شام کے وقت بارش کا زور کچھ کم ہوگیا تھا البتہ دن کے اوقات میںشدید بارش کے سبب ویرا دیسائی روڈ اور اندھیری کی سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔ اندھیری سب وے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کیا گیا تھا اور اس دوران متبادل راستے کے طور پر گاڑیوں کو نئے تعمیر شدہ گوکھلے بریج پر سے گزارا جارہا تھا۔ متعدد نچلے علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے ٹریفک دھیمی رفتار سے چل رہا تھا۔
 سینٹرل ریلوے کی خدمات تاخیر سے چلنے پر ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ دوپہر کے اوقات میں ٹرینیں ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کی تاخیر سے چل رہی تھیں۔
 ممبئی و مضافات میں جولائی کے اخیر کے چند روز سے جمعہ تک روزانہ معمولی بارش ریکارڈ کی جارہی تھی لیکن سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے دوران قلابہ میں ۴۳ء۲؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۶۴ء۹؍ایم ایم، دہیسر ۳۸ء۵، رام مندر ۶۵، وکھرولی ۶۵، ماٹنگا ۵۸ء۵؍ اور سائن میں ۸۰ء۵؍ ملی میٹر برسات ریکارڈ کی گئی۔
 سنیچر کو دن بھر سب سے زیادہ بارش بی ایم سی کے این وارڈ آفس کے علاقے میں ۱۰۷ء۴؍ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی دیگر تمام علاقوں میں برسات کی مقدار ۹۰؍ملی میٹر سے کم ریکارڈ کی گئی۔ چمبور (فائر اسٹیشن)، جوہو، گھاٹ کوپر اور مانخورد میں ۸۰؍ ملی میٹر سے زیادہ،  چمبور (کلکٹرآفس)، باندرہ، ورسوا اور ڈنڈوشی میں ۷۰؍ ملی میٹر سے زیادہ برسات ہوئی جبکہ وڈالا، دھاراوی اور ایف نارتھ وارڈ میں ۶۰؍ ایم ایم سے زیادہ بارش ہوئی۔
 محکمۂ موسمیات نے ۳؍ اگست کو ایک پریس ریلیز جاری کرکے اطلاع دی کہ برسات کی شدت میں اچانک اضافہ کی وجہ جنوب مغربی بہار اور شمال مغربی جھار کھنڈ سے متصل علاقوں کے ساتھ جنوب مغربی راجستھان میں ہوائوں کا گہرا دبائو پیدا ہونا ہے جو مغربی ساحل پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں بارش ہورہی ہے جو آئندہ ۲؍ سے ۳؍ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔
  اتوار اور پیر کیلئے ممبئی و مضافات اور تھانے کیلئے ’اورینج الرٹ‘ اور منگل کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK