• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، کئی جگہ حادثات

Updated: July 16, 2024, 10:49 AM IST | Ali Imran / Agency | Nagpur

ناسک میں قلعے کی سیڑھیوں پر سیاح پانی میں پھنس گئے، کھیڈ میں نوجوان پانی میں بہہ گیا، علی باغ میں بس پلٹ گئی ،۴؍ مسافر زخمی۔

Bus accident in Alibag. Photo: INN
علی باغ میں حادثے کا شکار بس۔ تصویر : آئی این این

ریاست کے مختلف علاقوں میں اتوار کی طرح پیر کو بھی زوردار بارش ہوئی۔ اس دوران کئی طرح کے حادثات بھی پیش آئے۔ 
 ناسک میں سیاح پانی میں پھنسے
اتوار کی شام ناسک کے انجانیری قلعے میں تقریباً ۲۰۰؍ سیاح بارش کے پانی میں پھنس گئے تھے۔ بڑی جدوجہد کے بعد انہیں نکالا گیا۔ اطلاع کے مطابق یہ سب ناسک  میں سیر وتفریح کیلئے آئے تھے۔ یہ قلعہ کی سیڑھیوں پر بارش کا لطف اٹھا رہے تھے کہ اچانک بارش کا زور بڑھ گیا اور قلعے کی سیڑھیوں پر پانی کا بہائو بڑھ گیا اور یہ اس میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیم نے آکر تقریباً ۶؍ گھنٹوں کی مشقت کے بعد انہیں وہاں سے نکالا۔  ناسک ویسٹ ڈیویژن کی آر ایف او روشالی گھاڈے نے پیر کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’’ تقریباً ۲۰۰؍ یا ۳۰۰؍ سیاحوں کو اتوار کی رات ناسک کے انجانیری قلعے سے بحفاظت نکالا گیا۔ وہ سیڑھیوں پر بارش کا مزہ لے رہے تھے۔ بارش کا زور بڑھ جانے کی وجہ سے وہ سیڑھیاں اتر نہیں  پائے۔ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے آکر انہیں باہر نکالا۔‘‘    
کھیڈ میں نوجوان ڈیم میں بہہ گیا 
رتناگیری کے کھیڈ تعلقے میں جیش آمبرے ( ۳۲)   نامی ایک نوجوان اپنے دوستوں کے سامنے ڈیم بہہ کر چلا گیا۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں نظر آ رہا ہے کہ کچھ نوجوان پانی میں اتررہے ہیں۔ ان میں جو نوجوان سب سے پہلے اترتا ہے وہ بہہ کر ڈیم کی طرف چلاجاتا ہے۔ حالانکہ وہ پہلے خود کو روکنے کی کوشش کرتا ہے لیکن تیزی سے بہہ کر نیچے چلا جاتا ہے۔ ریسکیو ٹیم اسے تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ خبر لکھے جانے تک اس کے ملنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔
 علی باغ میں بس پلٹ گئی، ۴؍ زخمی  
اس دوران ضلع رائے گڑھ کے علی باغ میں  سے پنویل جانے والی ایک ایس ٹی بس راستے میں کارلے کھنڈ کے مقام پر پلٹ گئی۔ بس میں ۵۰؍  مسافر سوار تھے جن میں سے ۴؍ کو چوٹیں آئی ہیں بس کو ریسکیو ٹیم کی مدد سے سیدھا کیا گیا۔ مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ خیر سے کوئی بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ زخمیوں کو قیربی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ 
 ودربھ میں اورینج الرٹ 
 محکمہ موسمیات نے پیر سے پورے ودربھ کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ودربھ کے کچھ اضلاع میں موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔؎ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق ۲۰؍جولائی تک ناگپور شہر کے علاوہ ودربھ کے بیشتر اضلاع میں اچھی بارش کی توقع ہے۔ اس بارش سے مشرقی ودربھ میں بارش کی کمی پوری ہوجائے گی۔ اس دوران امراوتی، وردھا اور ایوت محل، اکولہ، بلڈانہ، چندرپور، گڈچرولی، واشم ضلع میں موسلادھار بارش اور بھنڈارہ، گوندیا، ناگپور میں گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کو پورے ودربھ کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ چندر پور میں پیر کو زور دار بارش ہوئی جس میں بعض علاقے ندیوں میں تبدیل ہو گئے۔ روز مرہ کا معمول متاثر ہوا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK