Inquilab Logo Happiest Places to Work

سانگلی میں زور دار بارش، فصلوں کو نقصان، بجلی گرنے سے ایک کی موت

Updated: April 25, 2025, 2:05 PM IST | Agency | Sangli

ضلع کے میرج شہر کے کچھ علاقوں میں ۲؍ فٹ تک پانی، کیلے اور انگور کے باغات تباہ، درخت گرنے کی وجہ سے ٹریفک جام، بجلی گل۔

Rains have brought relief from the heat, but crops have been damaged. Photo: INN
بارش کے سبب گرمی سے راحت ملی ہے مگر فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔ تصویر: آئی این این

شدید گرمی اور دھوپ کے بعد سانگلی کے کچھ علاقوں میں زور دار بارش ہوئی ہے۔ بے موسم بارش کے سبب کہاں سانگلی شہر کے کچھ علاقوں میں پانی بھر گیا وہیں دیہی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی بجلی گرنے کے سبب ایک نوجوان کی موت ہو گئی ہے۔ ہر چند کہ اس بارش کی وجہ سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے لیکن کسانوں کو اس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ 
 یاد رہے کہ سانگلی ان اضلاع میں اول شمار کیا جاتا ہے جہاں پانی کی شدید قلت ہے۔ اس سال شدید گرمی کے سبب یہ قلت اور بھی بڑھ گئی تھی لیکن جمعرات کو یہاں زور دار بارش ہوئی۔ خاص کر میرج تاس گائوں اور پاولوس تعلقوں کے بیشتر گائوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ گزشتہ ۸؍ دنوں کی شدید گرمی کے بعد جمعرات کو بادلوں کی گڑگڑاہٹ اور بجلی کی چمک کے ساتھ یہاں بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے سانگلی ضلع کے میرج شہر میں واقع چاول مارکیٹ اور منگل چتر مندر علاقے میں دو فٹ تک پانی بھر گیا۔ جبکہ کرناٹک کی سرحد سے متصل مہسال علاقے میں کچھ درخت جڑ سے اکھڑ کر گر گئے اس کی وجہ سے سڑک بند ہو گئی اور ٹریفک جام ہو گیا۔ اس کے علاوہ سانگلی۔ تاس گائوں روڈ پر بھی ایک درخت کے گر جانے کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق بد ھ کی رات کو کچھ بجلی کے کھمبوں کے گر جانے اور وائر کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے آدھی رات کو میرج کے کچھ علاقوں میں بجلی گل ہو گئی تھی۔ 
بجلی گرنے سے نوجوان کی موت
 اس دوران بجلی گرنے سے میرج کے ایک نوجوان کی موت ہو گئی ہے۔ اُودئے وٹھل مالی (۲۳) نامی ایک نوجوان اپنے کھیت میں کام کرنے گیا تھا۔ وہاں سے لوٹتے وقت اچانک بادلوں کی گڑگڑاہٹ اور بجلی کی چمک شروع ہو گئی۔ اچانک اُودئے پر بجلی گری اور اس کی موقع ہی پر موت ہو گئی۔ اس کے علاو اس بے موسم برسات کی وجہ سے سانگلی کے دیہی علاقوں میں کیلے اور انگور کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع کے مطابق بارش کی شروعات میں چند منٹوں تک ژالہ باری بھی ہوئی۔ اس میں آم اور انگور کے کچھ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔یاد رہے کہ بے موسم برسات کی وجہ سے گزشتہ سال کسانوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ حکومت کو ان کسانوں کو معائوضہ ادا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK