• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناگپور میں لگاتار دو دن سے موسلا دھار بارش، نظام زندگی درہم برہم

Updated: July 21, 2024, 10:33 AM IST | Agency | Nagpur

کئی گھروں میں پانی داخل ہونے سے اناج، کپڑے اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچا ہے۔ فلائی اوور کے قریب سونیگاؤں پولیس اسٹیشن میں بارش کا پانی داخل ہونے سے کام کاج ٹھپ پڑگیا۔

After heavy rain in Nagpur, an area is flooded. Photo: PTI
ناگپور میں شدید بارش کے بعد ایک علاقے میں پانی بھرا ہو اہے۔ تصویر : پی ٹی آئی

ناگپور میں  جمعہ اورسنیچر کو لگاتاردو دنوںکی  موسلادھار بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ 
سنیچر کو ناگپور شدید بارش کی وجہ سے زیر آب آ گیا ۔ پپلا پھاٹا میں نالے کا پانی رہائشی علاقے میں داخل ہونے سے کئی گھر زیر آب آگئے۔ مہلت  ملتے ہی اس علاقے کے کچھ شہری گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے جبکہ کچھ لوگ گھر کی چھتوں پر پناہ لئے ہوئے مدد کا انتظار کرتے رہے۔  ناگپور کے شہری اور دیہی علاقوں میں جمعہ کی رات سے ہلکی بارش کا آغاز ہوا اور سنیچر کی صبح سے بارش کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ضلع کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ نالے کا پانی بعض نشیبی علاقوں کی بستیوں میں داخل ہونے سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اس دوران ناگپور میونسپل کارپوریشن حدود سے متصل پپلا علاقے میں نالے کا پانی داخل ہونے سے یہ علاقہ زیر آب آگیا۔ گھروں میں پانی کی سطح   بڑھنے سے کئی خاندان جان بچانے کیلئے چھت پر چڑھ گئے ہیں۔ شہر کے کئی گھروں میں پانی داخل ہونے سے اناج، کپڑے اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچا ہے۔ فلائی اوور کے قریب سونیگاؤں پولیس اسٹیشن میں بارش کا پانی داخل ہونے سے کام کاج ٹھپ پڑگیا۔سنیچرکو ناگپور ضلع میں ۶؍ گھنٹوں میں  ۲۱۷ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کا سب سے زیادہ اثر ناگپور شہر کے نشیبی علاقوں میں دیکھا گیا ہے۔ موسلادھار بارش کے پیش نظر ضلع اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ بھی الرٹ ہے۔ بارش کے پیش نظر ناگپور میونسپل کارپوریشن نے تمام دس زون کو کنٹرول کرنے کے لئے ایمرجنسی نمبرز بھی جاری کردئیے ہیں جہاں پر شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین بشمول فائر بریگیڈ سڑک پر گرے ہوئے درختوں کو ہٹاتے ہوئے نظر آئے۔  اسی دوران ضلع کلکٹر وپن ایٹنکر نے سنیچر کو شدید بارش کے پیش نظر ضلع کے تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا۔ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ودربھ کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ اس بارش کا سب سے زیادہ زور مشرقی ودربھ میں دیکھا گیا اور شدید بارش نے مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی  بھاری نقصان پہنچایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK