ہفتے کے آخر میں بینک ہالی ڈے اور گرمیوں کی چھٹیوں سے گزشتہ ہفتے اس راستے پر ۱۰؍ کلو میٹر تک ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا۔ اسی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہائی وے ٹریفک پولیس نے ۲؍ ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں
EPAPER
Updated: May 06, 2023, 9:30 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ہفتے کے آخر میں بینک ہالی ڈے اور گرمیوں کی چھٹیوں سے گزشتہ ہفتے اس راستے پر ۱۰؍ کلو میٹر تک ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا۔ اسی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہائی وے ٹریفک پولیس نے ۲؍ ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں
گزشتہ ۲؍ ہفتوں سےممبئی-پونے ایکسپریس ہائی وےپر ہفتے کے آخر میں گاڑیوں کی تعدادبہت زیادہ بڑھ جانے سے مسافروں کو کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام میں پھنسنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے ہائی وے ٹریفک پولیس نے عوام کیلئے ۲؍ ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے تاکہ جو لوگ اس راستے سے ممبئی اور پونے کے درمیان آمدورفت کرنا چاہتے ہوں، وہ سفر شروع کرنے سے قبل ان نمبروں پر فون کرکے ٹریفک کا حال معلوم کرلیں۔ہائی وے ٹریفک پولیس نے ہیلپ لائن نمبر ۹۵۰۳۵۱۱۱۰۰ (ممبئی کنٹرول روم) اور ۹۵۲۷۴۳۳۷۷۸ (بور گھاٹ مہاراشٹر پولیس سینٹر) جاری کئے ہیں۔
گزشتہ ۲؍ ہفتوں سے بینک ہالی ڈے کی وجہ سے لوگوں کو ہفتے کے آخر میں جمعہ، سنیچر اور اتوار کی چھٹیاں مل رہی ہیں جبکہ اسکولوں میں بھی گرمی کی چھٹیاں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ نجی یا کرایہ کی گاڑیوں کے ذریعہ بھی ممبئی سے باہر سفر کررہے ہیں۔ یوں تو ممبئی سے باہر جانے کیلئے مختلف راستے موجود ہیں لیکن اتفاق سے ممبئی۔پونے ایکسپریس ہائی وےپر گزشتہ ہفتے اتنی زیادہ گاڑیاں آگئی تھیں کہ تقریباً ۱۰؍کلو میٹر تک سڑک پر گاڑیاں ٹریفک جام میں بری طرح پھنسی رہ گئیں اور لوگوں کو اس سڑک سے نکلنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔
اس ہفتے بھی جمعہ کو ’بدھ پورنیما‘ کی چھٹی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو اتوار تک ۳؍ دن کی چھٹی مل گئی۔ ہفتے کے آخر میں اس طرح کی چھٹی ملنے پر ممبئی، تھانے اور نوی ممبئی جیسے علاقوں سے کافی بڑی تعداد میں لوگ چھٹیاں منانے نجی گاڑیوں میں نکل پڑتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے ٹریفک کے مسئلےسے سبق حاصل کرتے ہوئے ہائی وے ٹریفک پولیس نے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیئے تاکہ لوگ سفر شروع کرنے سے قبل فون پر ٹریفک کے حالات معلوم کرلیں۔
اس نمائندے نے جانچنے کیلئے جمعہ کی شام تقریباً ساڑھے ۵؍ بجے جب ممبئی کنٹرول روم کی ہیلپ لائن نمبر پر فون کرکے ٹریفک کے بارے میں پوچھا تو ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے شائستگی سے بتایا کہ ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
واضح رہے کہ ’بورگھاٹ‘ علاقہ میں بڑی بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کی رفتار میں کمی آجاتی ہے۔ ایسے میں اگر اس راستے پر اچانک گاڑیوںکی تعداد میں بھی اضافہ ہوجائے تو ٹریفک کا زبردست مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔
چھٹیوں کے علاوہ گزشتہ ماہ ممبئی-پونے ایکسپریس ہائی وے پر چند بڑے حادثات بھی ہوئے جس کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک جام رہا تھا۔ ایک حادثہ ۱۵؍ اپریل کو ہوا تھا جس میں ایک نجی بس حادثہ کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے ۱۰؍ مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔اس کے بعد ۲۶؍ اپریل کو کھپولی علاقے میں اندوہناک سڑک حادثہ ہوا تھا جس میں بریک فیل ہونے کی وجہ سے ایک بس نے کم و بیش ۱۲؍ موٹر گاڑیوں کو ٹکر ماردی تھی۔ اس حادثے میں ۶؍ افراد زخمی ہوگئے تھے۔