شمالی مقبوضہ فلسطین میں بھی اسرائیلی فوج کے مراکز پر مزاحمتی تنظیم کی بمباری، جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا ایک کمانڈر جاں بحق۔
EPAPER
Updated: November 04, 2024, 10:37 AM IST | Beirut
شمالی مقبوضہ فلسطین میں بھی اسرائیلی فوج کے مراکز پر مزاحمتی تنظیم کی بمباری، جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا ایک کمانڈر جاں بحق۔
اتوار کے روز آئی ڈی ایف نے بتایا کہ اسرائیل پر حزب اللہ نے ۱۰۰؍ راکٹ داغے۔ ٹائمس آف اسرائیل کے مطابق حزب اللہ کے حملے میں کسی کی موت اورزخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ دوسری جانب لبنانی حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے غزہ میں ہمارے ثابت قدم فلسطینی اور ان کی بہادر اور باوقار مزاحمت کی حمایت میں اور لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں قابض اسرائیلی افواج کی متعدد بستیوں پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ ملٹری میڈیا نے کہا کہ اتوار کی صبح اسلامی مزاحمت نے روش ہانکارا کالونی، شلومی کالونی، میٹزووا کالونی، ایون میناچم کالونی، شومیرا کالونی اور زریت کالونی میں اسرائیلی دشمن فوج کے اجتماعات کو میزائل لانچروں سے نشانہ بنایا۔ سنیچر کو اسرائیلی افواج اور اس کی کالونیوں میں حزب اللہ نے پے درپے کئی حملے کیے تھے جس میں ۳۰؍افراد زخمی ہوئے تھے۔ تل ابیب کے قریب صہیونی فوجی انٹیلی جنس مرکز پر راکٹ حملے میں ۱۱؍اسرائیلی زخمی ہوئے تھے۔ اس دوران لبنان میں حزب اللہ کے علاقوں میں اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملے میں ۷۱؍ لبنانی جاں بحق اور ۱۶۹؍زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے سے اب تک اسرائیلی حملے میں ۲۹۶۸؍ لبنانی جاں بحق اور ۱۳؍ہزار ۳۱۹؍زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے نصر بریگیڈ کے راکٹ یونٹ کے ایک کمانڈر جعفر خضر فاعور کو ہلاک کر دیا ہے۔ حزب اللہ نے فوری طور پر کمانڈر کی موت پر کوئی تبصرہ یا تصدیق نہیں کی ہے اور اسرائیل نے انہیں کئی حملوں کا ذمہ دار قراردیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز مشرقی لبنان میں بعلبک کا علاقہ خالی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ وہاں اور قریبی گاؤں دوریس میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انخلاء کا تازہ ترین حکم اس وقت سامنے آیا جب فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے سرحد کے ساتھ وقفے وقفے سے سائرن بجائے۔ اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بعلبک اور دوریس کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ آپ اس وقت حزب اللہ سے وابستہ تنصیبات اور اثاثہ جات کے قریب موجود ہیں جنہیں اسرائیل کی دفاعی افواج مستقبل قریب میں نشانہ بنائیں گی۔