• Tue, 29 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حزب اللہ کا۲۰؍ سے زائد اسرائیلی بستیوں کے مکینوں کوعلاقہ خالی کرنے کا انتباہ

Updated: October 28, 2024, 11:59 AM IST | Beirut

لڑائی کے دوران ۷؍ اسرائیلی فوجی ہلاک، ۲۱؍ زخمی۔ فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد اسرائیلی فوج نے لبنان پر آتش گیر غبارے چھوڑے۔

Flames and smoke can be seen after the Israeli attack on North Beirut. Photo: PTI.
شمالی بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعدشعلے اور دھواں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات الضاحیہ میں الحدث کے علاقے پر حملے کئے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے الحدث اور برج البراجنہ کے علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر بمباری کی دھمکی دی تھی۔ ترجمان کے مطابق یہ عمارتیں حزب اللہ کی تنصیبات کے نزدیک واقع ہیں۔ دریں اثناء حزب اللہ نے ۲۰؍ سے زیادہ اسرائیلی بستیوں کے مکینوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ تنظیم نے بتایا کہ ان بستیوں کے اسرائیلی فوجی اڈوں میں تبدیل ہونے کے بعد یہ حملوں کیلئے جائز ہدف بن چکی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں متعدد قصبوں اور دیہات پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ البقاع میں اسرائیلی طیاروں نے الہرمل کے علاقے میں مختلف مقامات پر بمباری کی۔ ’العربیہ ‘ کی خبر کے مطابق جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل میں واقع بستی کریات شمونہ پر راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی ایک زیر زمین تزویراتی تنصیب کو تباہ کر دیا۔ اس دوران ۴۰۰؍ ٹن دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ حزب اللہ نے اس تنصیب کو گزشتہ ۱۵؍برس کے دوران ایک سرنگ کے اندر بنایا تھا جس کی لمبائی ڈیڑھ کلو میٹر تک ہے۔ 
’العربیہ‘ ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں جاری لڑائی میں ۷؍اسرائیلی فوجی ہلاک اور۲۱؍ زخمی ہو گئے۔ اسرائیل اس وقت حزب اللہ پر شدید بمباری کر رہا ہےجس کا مقصد حزب اللہ کے ذریعے شمالی اسرائیل پر راکٹ داغنے کو روکنا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کو جنوبی لبنان میں سرحدی علاقوں میں غیر فعال بنانا چاہتا ہے تاکہ شمالی اسرائیل کے۶۰؍ ہزار شہریوں کو واپسی کا موقع مل سکے۔ یہ اسرائیلی شہری گزشتہ برس سے حزب اللہ کی جانب سے مسلسل جاری راکٹ حملوں کے سبب بے گھر ہو گئے ہیں۔ لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے۴؍ اہلکار مارے گئے جبکہ ۱۴؍ اہلکار زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مارے گئے فوجیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ سے جھڑپ میں دیگر۱۴؍ اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے ۵؍ کی حالت تشویشناک ہے۔ 
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں حزب اللہ کے۳؍جنگجو بھی مارے گئے جو مقامی کمانڈرس تھے جبکہ گزشتہ ایک ماہ لبنان میں مارے گئے اسرائیل فوجیوں کی تعداد۳۶؍ ہوگئی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بے گھر یہودیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
العربیہ کے کی خبر کے مطابق کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے انصار پر۴؍ اور المجادل اور بافلیہ قصبوں پر ۲؍حملے کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حملوں میں شہر کے جنوب میں تفاحتا میں ۵؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایک اسرائیلی طیارے نے سرحدی شہروں پر تھرمل غبارے یا آتش گیر غبارے چھوڑے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے جواب میں شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں کی طرف میزائل داغے جن میں سے۳۰؍ بالائی الجلیل تک پہنچ گئے۔ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں کم از کم ۵؍رہائشی علاقوں پر بمباری کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ اسی علاقے میں فوجی مقامات اور جنوبی لبنان میں فوجیوں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK