• Wed, 16 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی اڈے پر بڑا حملہ، ۴؍فوجی ہلاک،۶۰؍ سے زائد زخمی

Updated: October 15, 2024, 1:25 PM IST | Agency | Beirut

بن یامنا کے گولان بیس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اسرائیلی فوجیوں کی دعوت چل رہی تھی۔ مرکزی اسرائیل کے بیشتر علاقے پیر کو حزب اللہ کے نشانے پر رہے، درجنوں راکٹ داغے گئے۔

Israeli personnel injured in the attack are being taken to the hospital by ambulance. Photo: INN
حملے میں زخمی اسرائیلی اہلکاروں کو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال لے جایا جارہا ہے۔ تصویر : آئی این این

:حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ کے قریب ایک بڑا ڈرون حملہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے بن یامنا کے علاقے میں واقع اسرائیل کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں ۴؍اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں  جبکہ۶۰؍سےز ائد زخمی ہوگئے۔ ان میں  ۷؍فوجیوں  کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسیز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں بنیامینا فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں ۴؍ فوجی ہلاک ہوگئے۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں ۲۳؍ ستمبر کے بعد فوجی حملے تیز کرنے کے بعد حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ کے قریب بن یامنا کے علاقے میں کیا جانے والا یہ سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ ایمرجنسی سروس نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے اس حملے میں ۶۰؍ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ 
 حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شمالی اسرائیل میں کیا جانے والا یہ حملہ چند روز قبل اسرائیل کی جانب سے بیروت میں کیے گئے حملے کا جواب ہے، ایران کی حمایت یافتہ تنظیم نے خبردار کیا اگر اسرائیل نے اپنی جارحیت نہیں روکی تو وہ اس سے بھی زیادہ خطرناک حملے کرے گا۔ حزب اللہ نے کہا کہ اسرائیل نے آج جو کچھ حیفہ میں دیکھا وہ کچھ بھی نہیں تھا، اسرائیل اس سے کئی گناہ بڑے اور خطرناک حملوں کے لئے تیار رہے۔ 
مرکزی اسرائیل اور کرمیل پر راکٹ حملے
 اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شمالی اسرائیل کے کرمیل اور اطراف کے علاقوں  کو حزب اللہ کے جنگجوؤں نے نشانہ بنایا ہے۔ پیر کو یہاں  کئی راکٹ گرے، ان حملوں  میں ہونیوالے نقصان کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ لبنان کی جانب سے مرکزی اسرائیل کے نیتانیا کی طرف ایک درجن سے زائد راکٹ داغے گئے۔ اس دوران شہر سائرن سے گونج اٹھا۔ ان حملوں میں  ہونیوالے نقصان کے متعلق اسرائیلی فوج نے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ 
اسرائیل کے لبنان پر حملے
 ٹائمس آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں  متحرک ریڈکراس نے بتایا کہ شمالی لبنان پر اسرائیل کی جانب سے پیرکو بھی حملے کئے گئے۔ ایتونامی گاؤں میں  کی جانے والیبمباری میں  ۱۸؍ سے زائد لبنانی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عیسائیوں  کی اکثریت والے اس گاؤں کو اسرائیل نے پہلی بار نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی اخبار کی ایک دیگر رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے پچھلے ۲۴؍ گھنٹوں  میں لبنان میں  ۲۰۰؍ سے زائد مقامات پر بمباری کی ہے۔ لبنان کے جنوب میں واقع نباتیہ صوبے کے ضلع سربین پر کیے گئے فضائی حملے میں ۴؍ طبی کارکن اور کچھ شہری زخمی ہوئے۔ ملک کے جنوب میں واقع ماروب قصبے پر حملے میں ۴؍ افراد زخمی ہوئے۔ 
   اسرائیلی فوج کی لبنان کے جنوب میں کچھ گھروں اور ایک طبی مرکز پر کیے گئے فضائی حملوں میں ابتدائی اندازے کے مطابق۸؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ لبنان کے وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے صور شہر کے ضلع صدیقین میں ایک طبی مرکز کو نشانہ بنایا، اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ انصار قصبے میں ایک گھر پر کیے گئے حملے میں ۲؍ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مفیدون قصبے پر حملے میں ۵؍افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ 
 حزب اللہ کےلیڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ 
 ٹائمس آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نبیتیہ میں  حزب اللہ کے اینٹی ٹینک میزائل شعبہ کے لیڈر محمد کامل نعیم کو ہلاک کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK