• Sun, 29 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر ممبئی میں ہائی الرٹ

Updated: September 29, 2024, 10:20 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مرکزی ایجنسیوں کی وارننگ پر تہواروں اور اسمبلی الیکشن کے پیش نظر بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور مذہبی مقامات کی سیکوریٹی میں اضافہ، ہوٹلوں میں ٹھہرنے والوںکی تفصیلات طلب کی گئیں

Ahead of the festivities and keeping in mind the upcoming assembly elections, the police have tightened security arrangements in the city.
تہواروں کے پیش نظر اور آئندہ اسمبلی الیکشن کو ذہن میں رکھ کر پولیس نے شہر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دئیے ہیں۔(تصویر:آشیش راجے)

 مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ متنبہ کئے جانے پر ممبئی پولیس نے ملک کی تجارتی راجدھانی کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور بڑے اور اہم مندروں اور مذہبی مقامات کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے۔
 پولیس ذرائع کے مطابق دسہرہ، دیوالی اور دُرگا پوجا کے علاوہ نومبر میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شہر و مضافات کے اہم اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کے ساتھ مذہبی مقامات کی سیکوریٹی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔یہ ایسے مواقع ہیں کہ سماج دشمن عناصر بھیڑ بھاڑ کا فائدہ اٹھا کر کوئی واردات انجام دینے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ہوٹلوں سے تفصیلات طلب
 اپنی ملکیت کو کرایے پر دینے والوں خاص طورپر ہوٹل، گیسٹ ہائوس اور مسافر خانوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں ٹھہرنے والوں کی تفصیلات پولیس کو آن لائن ان کی ویب سائٹ پر فراہم کریں۔ یہ حکم اس لئے دیا گیا ہے کہ پولیس کو شبہ ہے کہ دہشت گردانہ کارروائی انجام دینے کی غرض سے کوئی ممبئی میں  کہیںکرائے پر ٹھہرا ہو۔
 یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ہوٹلوں یا گیسٹ ہائوس وغیرہ میں کوئی غیر ملکی ٹھہرا ہوا ہو تو پولیس کو اس کے پاسپورٹ اور دیگر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے ۔ غیرملکیوں کے تعلق سے تفصیلات مہیا نہ کرنے کی صورت میں ہوٹلوں وغیرہ کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
ماک ڈرل
 سیکوریٹی انتظامات کو جانچنے کیلئے ممبئی پولیس سڑکوں پر اتر آئی ہے اور جمعہ کو پولیس نے پربھا دیوی پر واقع سدھی ونائیک مندر، ممبئی سے علی باغ اور اُرن کے درمیان آمدورفت کیلئے سمندری راستہ فراہم کرنے والی اہم بندرگاہ اور مچھلیوں کے تھوک بازار بھائوچا دھکہ، بامبے پورٹ ٹرسٹ پر واقع برکت علی روڈ، مضافات کے جوہو میں واقع ’اسکان‘ مندر، زیورات کے اہم مارکیٹ زویری بازار اور کرافورڈ مارکیٹ میں ’ماک ڈرل‘ (ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے مشق) کی تھی۔
 چونکہ ماضی میں زویری بازار میں بھیانک بم دھماکہ ہوچکا ہے اس لئے جب یہاں ماک ڈرل کی جارہی تھی تو لوگوں میں یہاں بم ہونے کی افواہ پھیل گئی تھی اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ البتہ بعد میں پولیس نے یہاں اور دیگر مقامات پر سیکوریٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے مقصد سے ماک ڈرل کرنے کی تصدیق کی تھی۔
سینئر افسران کو احکامات
 محکمہ پولیس نے پولیس اسٹیشنوں کے سینئرز، اے سی پی، ڈی سی پی اور ایڈیشنل کمشنر جیسے اعلیٰ پولیس افسران کو اپنے علاقوں میں تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات دئیے ہیں ۔
مندروں کے انتظامیہ کو حکم
 مندروں کے ذمہ داران کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر انہیں کوئی مشتبہ کارروائی نظر آتی ہے تو وہ پولیس کو اس سے آگاہ کریں۔
 سدھی ونائیک مندر کے چیئر مین سدا سرونکر نے اس سلسلے میں ایک خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کے دوران تصدیق کی کہ انتظامیہ کو مندر کی سیکوریٹی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات پر سخت توجہ دینے کیلئے کہا گیا ہے۔
 جمعہ کو ہی ایک سینئر پولیس افسر نے چمبور میں ایک مندر کا جائزہ لیا جبکہ ماٹنگا میں سیکوریٹی انتظامات کا معائنہ کرنے کے دوران ایک دیگر مندر کو کچھ وقفہ کیلئے بند کردیا گیا تھا۔
 یاد رہے کہ جمعرات کو شام کے وقت کسی نامعلوم شخص نے حاجی علی ٹرسٹ کو فون کرکے درگاہ میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع دی تھی۔ اس دھمکی پر پولیس نے درگاہ کی تلاشی بھی لی تھی اور پھر کوئی مشتبہ شئے نہ ملنے پر نامعلوم شخص کے خلاف کیس درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK