• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہیلری کلنٹن کی نئی کتاب’ اسٹیٹ آف ٹیرر‘ ان کے دورِ وزارت کے کئی راز کھولے گی

Updated: February 25, 2021, 2:19 PM IST | Agency | Washington

امریکہ کی سابق خاتونِ اوّل، سابق وزیر خارجہ اور ۲۰۱۶ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی ایک کتاب جلد منظرعام پر آنے والی ہے جو ’’سسپنس اور تھرلر سے بھرپور‘‘ ہو گی۔

Hillary Clinton - Pic : INN
امریکہ کی سابق خاتون اول ہیلیری کلنٹن اس سے قبل بھی کتاب لکھ چکی ہیں

امریکہ کی سابق خاتونِ اوّل، سابق وزیر خارجہ اور ۲۰۱۶ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی ایک کتاب جلد منظرعام پر آنے والی ہے جو ’’سسپنس اور تھرلر سے بھرپور‘‘ ہو گی۔کتاب کے ناشر `سائمن اینڈ شسٹر اور `سینٹ مارٹنس پریس  اور ہیلری کلنٹن نے یہ کتاب کینیڈین مصنفہ لوئز پینی کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔پبلشر کے مطابق `اسٹیٹ آف ٹیرر نامی کتاب ۱۲؍ اکتوبر کو کتب خانوں کی زینت بنے گی۔ یہ کتاب ایک ایسی وزیرخارجہ کی کہانی سنائے گی جو ایسے دور میں فرائض انجام دے رہی تھیں جب تواتر سے ہونے والے دہشت گرد حملوں نے عالمی امن کو بدنظمی میں دھکیل دیا تھا۔
 اگرچہ کتاب میں کھل کر سابق صدر ٹرمپ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے لیکن پبلشرز کے مطابق یہ کتاب ’’ان چار برس بعد شائع کی جا رہی ہے جن کے دوران امریکی لیڈر شپ عالمی منظر نامے پر سکڑ گئی تھی۔‘‘دوسری جانب ہیلری کلنٹن نےکتاب کی تکمیل کوایک خواب پورا ہونے سے تعبیر کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ لوئز پینی کی ہر کتاب، ان میں تراشے گئے تمام کردار مجھے راحت بخشتے ہیں اور ان کی دوستی بھی۔ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اب ہم اپنے تجربات کی روشنی میں مفادات اور خیانت سے بھری سفارتکاری کی پیچیدہ دنیا دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کیونکہ سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا پہلے دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔
 مصنفہ لوئز پینی نے کہا ہے کہ کلنٹن کے ساتھ لکھنا ایک یادگار تجربہ تھا۔ انہیں ایسا لگا کہ جیسے وہ ایک طرح سے وزارتِ خارجہ، وائٹ ہاؤس یا پھر وزیر خارجہ کے دماغ میں داخل ہو گئی ہوں۔پینی نے کہا کہ ہم نے کتاب لکھنے سے پہلے ہیلری کلنٹن سے ان کی وزارت خارجہ کے دورکی باتیں کیں کہ اس وقت ان کا بھیانک ترین خواب کیا تھا؟ جواباً کلنٹن نے کہا کہ ’اسٹیٹ آف ٹیرر‘ یعنی دہشت گردی کے حالات۔واضح رہے کہ قلمکاری کی دنیا میں قدم رکھ کر ہیلری کلنٹن بھی اپنے شوہر اور سابق امریکی  صدر بل کلنٹن کے نقشِ قدم پر چل رہی ہیں۔ گزشتہ سال جون میں بل کلنٹن کا ایک سیاسی ناول شائع ہوا تھا۔’ `دی پریزیڈنٹس ڈاٹر؍(صدر کی بیٹی) کے عنوان سے شائع یہ ناول کلنٹن امریکی مصنف جیمز پیٹرسن کے ساتھ مل کر لکھا تھا۔ ان دونوں نے  ۲۰۱۸ءمیں بھی ایک کتاب لکھی تھی جس کا عنوان تھا’ `دی پریزیڈنٹ از مسنگ‘ یہ کتاب وہائٹ ہاؤس میں سائبر حملے کے بارے میں تھی۔ اس کتاب کی ۳۰؍لاکھ  کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ہیلری کی ساتھی مصنفہ پینی کا شمار بھی ان مصنفین میں ہوتا ہے جن کی کتابیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK