ریاست کے کئی علاقوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں سے لگاتار برف باری کی وجہ سے پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 11:01 AM IST | Agency | Shimla
ریاست کے کئی علاقوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں سے لگاتار برف باری کی وجہ سے پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔
ہماچل پردیش میں شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے ریاست بھر میں تین قومی شاہراہوں سمیت ۴۳۳؍ سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ وہیں جمعہ کی رات سولنگ نالہ سے۲؍ ہزار گاڑیوں میں پھنسے ہوئے تقریباً۱۰؍ ہزار سیاحوں کو بحفاظت منالی پہنچا یا گیا ۔ہماچل کے کئی علاقوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں سے مسلسل برف باری کی وجہ سے پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں۔ کلّو، لاہول اسپتی، کنور، شملہ، چمبا اور کانگڑا اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری کے ساتھ پوری ریاست میں بارش ہو رہی ہے۔ لاہول کے تندی سے ۲؍ افراد کو بچایا گیا۔ تقریباً ۵۰؍ سیاح سیسو، شاشین نرسری اور آس پاس کے علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں، لیکن سبھی ہوٹلوں اور ہوم اسٹے میں محفوظ ہیں۔ دوسری جانب موسم کی تبدیلی سے ہماچل شدید سردی سے کانپ رہا ہے۔ سنیچر کو روہتانگ پاس میں زیادہ سے زیادہ برف باری ۱۵۰؍سینٹی میٹر(۵؍ فٹ)، اٹل ٹنل کے دونوں سروں پر۱۱۰؍(۳ء۵؍ فٹ) اور چھتکول میں ۹۰؍ سینٹی میٹر(۳؍فٹ) تھی۔ راجدھانی شملہ اور دھرم شالہ کے میکلوڈ گنج کو چھوڑ کر ریاست کے پہاڑوں پر برف کی سفید چادر چھائی ہوئی ہے۔ تین ماہ سے زیادہ خشک سالی کے بعد سنیچر کو پوری ریاست میں زبردست بارش ہوئی۔ بارش سے گندم کی فصل کو زندگی مل گئی ہے۔