Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملے میں شہید ہوئے نیوی لیفٹیننٹ ونئے نروال کی اہلیہ ہمانشی کا اپنے شوہر کو جذباتی الوداع

Updated: April 24, 2025, 11:25 AM IST | Agency | New Delhi

کشمیر کے پہلگام میں ایک دہشت گردانہ حملے میں گولی لگنے سے کرنال کے نیول لیفٹیننٹ ۲۶؍ سالہ ونئے نروال کی موت ہو گئی۔

His wife stands next to the body of Naye Narwal at IGI Airport in Delhi. Picture: PTI
دہلی میں آئی جی آئی ایئرپورٹ پرونئے نروال کے جسدخاکی کے پاس کھڑی ان کی اہلیہ۔ تصویر:پی ٹی آئی

کشمیر کے پہلگام میں ایک دہشت گردانہ حملے میں گولی لگنے سے کرنال کے نیول لیفٹیننٹ ۲۶؍ سالہ ونئے نروال کی موت ہو گئی۔ و نئے نروال کی  اہلیہ ہمانشی نے بدھ کو اپنے شوہر کو جذباتی وداعی دی۔ ونئے  کے جسد خاکی کو گلے لگاتے ہوئے ہمانشی بار بار رو رہی تھیں۔ ان کی یہ حالت دیکھ کر گھر والے بھی اپنے آنسو نہ روک سکے ۔لیکن پھر کسی طرح ہمانشی نے اپنے جذبات پرقابو پا یا اورشہید فوجی کو سلامی دی اورآخر میں جے ہند کہا ۔ خاندان کے مطابق شادی کے بعد ونئے اور ہمانشی نے ہنی مون کیلئے یورپ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ شادی سے پہلے ہی اس کی تیاری کر رہے تھے لیکن ویزا نہ ملنے کی وجہ سے ان کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے کشمیرجانے کا فیصلہ کیا۔
ویزا مل جاتا تو آج اہل خانہ کی خوشیاں ختم نہ ہوتیں
 گھر والوں نے رات بھر دادا اور نانی کو اس واقعہ کی اطلاع نہیں دی۔ صبح جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کا پوتا نہیں رہا تو ان کی آنکھوں سے آنسو نہ رک سکے۔ دادا ہوا سنگھ نے کہا کہ اگر ان کے پوتے کو ویزا مل جاتا تو آج خاندان کی خوشی یوں ماتم میں نہ بدلتی ۔ بھوسلی گاؤں  سے تعلق رکھنے وا لے ونئے نروال تین سال قبل ہی بحریہ میںشامل ہوئے تھے اور۷؍ دن پہلے ۱۶؍ اپریل کو مسوری میں ان کی شادی  ہوئی تھی۔اس کے بعد ۱۹؍ اپریل کو کرنال میں استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد وہ اپنی بیوی ہمانشی کے ساتھ ہنی مون کیلئے پہلگام پہنچے تھے ۔ لیفٹیننٹ ونئے کی سالگرہ یکم مئی کو ہے۔ شادی کے بعد پہلی سالگرہ  پر خاندان بہت پرجوش تھا۔ اس کے بعد انہیں۳؍ مئی کو اپنی بیوی کے ساتھ ڈیوٹی پر کوچی واپس آنا  تھا۔
 لیفٹیننٹ ونئے کے دادا ہوا سنگھ سبکدوش پولیس اہلکار ہیں۔ دہشت گردانہ حملے میں اپنے پوتے کی موت کے بعد وہ خود پر قابو نہیں رکھ پا رہے ہیں۔ ونئے کے والد راجندر نروال مرکزی حکومت کے محکمہ کسٹم میں کام کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK