• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ہندو بھائیوں نے یہ واضح کردیاکہ اس ملک میں نفرت کا بیوپار نہیں ہونے دیں گے‘

Updated: August 14, 2024, 10:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Jogeshwari

’ جنگ آزادی اور مذہبی یکجہتی ورواداری ‘ عنوان پرجوگیشوری میں منعقدہ جلسے میں مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی کا خصوصی خطاب۔دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔

Maulana Khalilur Rahman Sajjad Naumani, Maulana Mahmood Khan Dariyabadi, Vithal Lad, Baba Satya Nam Das and other dignitaries were present in the program organized in Jogeshwari. Photo: INN
جوگیشوری میں منعقدہ پروگرام میں مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی ، مولانا محمودخان دریابادی ، وٹھل لاڑ،بابا ستیہ نام داس اور دیگرمعزز افراد ۔ تصویر : آئی این این

’جنگ آزادی اورمذہبی یکجہتی ورواداری ‘کے عنوان پرپیر کی شب جوگیشوری کے عائشہ لان میں خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتےہوئے بزرگ عالم دین مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’میں نے اس طرح کے سدبھاؤنا کے جلسوں میں شرکت تقریباً ترک کردی ہے، یہاں اس لئے حاضرہوا کہ مختلف مذاہب کی اہم شخصیات موجود ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’میری سمجھ میں یہ بات آج تک نہیں آئی کہ کیا دیش میں آتنک واد مسلمان پھیلارہے ہیں، کیا سدبھاؤنا کا اُپدیش صرف مسلمانوں کیلئے ہے، کیوں مدارس کو توڑا جارہا ہے، کیوں روزانہ ان کے(مسلمانوں ) حقوق پامال کئے جارہے ہیں، جو سماج ظلم کا شکار ہے، اس کو قومی یکجہتی کی نصیحت کی جارہی ہے۔ ‘‘
  مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی نے مزید کہاکہ ’’میری دوسری شکایت یہ ہے کہ یہاں بیٹھ کرقومی یکجہتی کی بات کرنا بہت آسان ہے۔ آخر ہمارے سیاسی لیڈران قاتلوں کا گریباں کیوں نہیں پکڑتے ؟ ہم ان بیواؤں کی خبر گیری کرنے کیوں نہیں جاتے ؟ اس لئے یہ سمجھ لیجئے کہ ایسی سبھاؤں سے سدبھاؤنا کبھی قائم نہیں ہوگی۔ ‘‘انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی اور کہاکہ ’’ قرآن نے بھلائی کو پھیلانے کے ساتھ برائی سے روکنے کا بھی حکم دیا ہے۔ مسلمانو! میں تم سے صاف لفظوں میں کہتا ہوں کہ تم پورے طور پر اسلام پر عمل نہیں کرتے۔ ہم نے کرتے پائجامے اور محض روزہ نماز کوہی اسلام سمجھ لیا ہے۔ قرآن نے انصاف کا نظام قائم کرنے کا حکم دیا ہے، مسلمانوں نے انصاف کے نظام قائم کرنے کا ذمہ سیاسی لیڈران کے حوالے کردیا ہے۔ ‘‘ مولانا نے کہاکہ ’’ میں ہندو بھائیوں کو سلام کرتا ہوں کہ انہوں نےیہ واضح کردیا کہ اس ملک میں نفرت کا بیوپار نہیں ہونے دیں گے۔ ‘‘
  تشار گاندھی نے کہاکہ ’’ مجھے تعجب ہے کہ مسلمانوں کوجنگ آزادی کے تعلق سے اپنی قربانی کا حوالہ کیوں دینا پڑتا ہے۔ جنگ آزادی مذہبی نہیں ہندوستانی کے حساب سے لڑی گئی۔ ‘‘ اس موقع پر مولانا محمودخان دریابادی ، ڈاکٹر سلیم خان، شاکر شیخ ، شبیر بھوپال والا (بوہرہ کمیونٹی ) اور مولانا برہان الدین قاسمی ، وٹھل لاڑ، فادر مائیکل، بابا ستیہ نام داس، سیتا رام شیلار اور اُلکا مہاجن نے بھی اظہارخیال کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK