صارفین کی جانب سے سروس کا خیر مقدم ،راشن کی کالابازاری پر قدغن لگنے کی امید
EPAPER
Updated: September 17, 2023, 11:10 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
صارفین کی جانب سے سروس کا خیر مقدم ،راشن کی کالابازاری پر قدغن لگنے کی امید
راشن کارڈ صارفین کو ان کے راشن کارڈ پر کتنا سرکاری راشن تقسیم کیا جائے گا ،اس کی اطلاع دینے کیلئے ریاستی محکمہ رسد و خوراک نے ایس ایم ایس بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس پیغام میں صارف کو نہ صرف یہ بتایا جارہا ہے کہ جاری ماہ میں اسے سرکاری راشن کا کتنا کوٹہ تقسیم کیا جائے گا بلکہ یہ بھی بتایاجارہا ہے کہ وہ مفت ملے گا یا اسے اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ایس ایم ایس کے ذریعے یہ مطلع کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیاہے کہ انہیں کتنا راشن ملے گا۔صارفین نے حکومت کی اس سروس کا استقبال کیا ہے اور امید کی جارہی ہےکہ اس ایس ایم ایس سروس سے سرکاری اناج کی کالا بازاری پر روک لگے گی۔
ایس ایم ایس کے بارے میں
یہ ایس ایم ایس ’ اے ڈی-مہاپی ڈی ایس‘ کی جانب سے بھیجا جارہا ہے ۔اس ایس ایم ایس میں جاری ماہ(مثلاً ستمبر۲۰۲۳ء) میں نیشنل فوڈ سیکوریٹی اسکیم کے تحت صارف کو اس کے راشن کارڈ میں درج اہل خانہ کی تعداد اور راشن کارڈ میں جو اسکیم ہے، اس اسکیم کے اعتبار سے جتنا سرکاری اناج تقسیم کیاجائے گا اس کی تفصیل بھیجی جاتی ہے۔جن میں بالخصوص یہ شامل ہےکہ راشن کارڈ پر صارف کو کتنا گندم، چاول، اُرد، مکئی، جوار اور باجرہ، وغیرہ تقسیم کیا جائے گا۔ایس ایم ایس میں یہ بھی بتایا گیا ہےکہ حکومت ہند کے فیصلے کے مطابق یہ بھی بتایاجارہا ہےکہ اناج مفت ہے یا اس کی قیمت دینی ہے اوردینی ہے تو کتنی دینی ہے۔محکمہ رسد و خوراک کی جانب سے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اناج لینے کے بعد اس کی رسید بھی لیں۔
کسی طرح کی معلومات یا شکایت کیلئے ہیلپ لائن نمبر: ۱۸۰۰۲۲۴۹۵۰؍ یا ۱۹۶۷؍ پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔