بدھ کو بھی ممبئی ڈویژن میں نقل نویسی کاکوئی کیس نہیں، ممبئی بورڈ نے حساس سینٹروںکی نگرانی بڑھا دی ہے۔
EPAPER
Updated: February 13, 2025, 12:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بدھ کو بھی ممبئی ڈویژن میں نقل نویسی کاکوئی کیس نہیں، ممبئی بورڈ نے حساس سینٹروںکی نگرانی بڑھا دی ہے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایس ای ) پونےکی جانب سے امسال نقل سے پاک بورڈ امتحانات منعقد کروانےکیلئے متعدد قسم کی نئی تکنیک ، ڈرون کی نگرانی، فلائنگ اسکواڈ اور امتحانی مراکز کے نگراں اور دیگر عملے کو ایک سے دوسرے سینٹروں پر منتقل کرنے کے باوجود امتحان کے پہلے دن نقل کے ۴۲؍ معاملے درج کئے گئے۔نقل کے سب سےزیادہ ۲۶؍ معاملات اورنگ آباد سے سامنے آئے ہیں، حالانکہ گزشتہ سال کے مقابلہ امسال نقل کی شکایتوںمیں کمی آئی ہے۔ بورڈ نے بقیہ پیپروں کے دوران مزید سختی کرنےکی ہدایت جاری کی ہے۔ بدھ کو بھی ممبئی ڈویژن میں نقل کرنےکی کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔
مہاراشٹراسٹیٹ بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی سے بدھ کی شام سوا۷؍بجے رابطہ کرنےپر انہوں نے نمائندہ انقلاب کو بتایاکہ بدھ کودوسرے سیشن میں ہندی کا پیپر تھا جس کی رپورٹ ابھی نہیں آئی ہے اس لئے کاپی کے اعدادوشمارکی تفصیلات ابھی دستیاب نہیں ہے۔
ایچ ایس سی امتحان کےپہلے دن ہونےوالے نقل کی شکایتوںکےتعلق سے شرد گوساوی کا کہناہےکہ ’’ہمیں بھی اس بات کی اُمید تھی کہ نقل کامعاملہ پوری طرح ختم نہیںہوگالیکن گزشتہ سال کےمقابلہ امسال نقل کی شکایت میں کمی آئی ہےجو نقل سے پاک مہم کا نتیجہ ہے۔ ممبئی ڈویژن کے واشی بورڈ کے چیئرمین راجنداہیرے سے بدھ کو ہونےوالے ہندی کے پیپر اور اس میں ہونیوالے نقل کے بارےمیں دریافت کرنے پر بتایاکہ ’’ممبئی ڈویژن میں دوسرے دن بھی کاپی کاکوئی معاملہ سامنے نہیں آیا البتہ ہم نے پہلے دن ہونے والے نقل کے معاملات کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی اور حساس سینٹروں کی نگرانی بڑھا دی ہے۔
نقل نویسی معاملے کی صورتحال
امسال بورڈامتحانات نقل سے پاک منعقدکرنےکیلئے متعدد قسم کی مہم اور ضابطے متعارف کروانے کےباوجود ۱۱؍ فروری سے شروع ۱۲؍ویں کے انگریزی کے پیپر میں نقل کے ۴۲؍کیسز درج کئے گئے ،جن میں سب سےزیادہ اورنگ آبادمیں ۲۶؍ جبکہ پونے،ناسک، ناگپور ، امراوتی اور لاتور میں بالترتیب ۸، ۳، ۲؍،۲؍اور ایک نقل کے کیس سامنے آئے۔گزشتہ سال ایچ ایس سی امتحان کے پہلے دن نقل کے ۵۸؍ جبکہ امسال ۴۲؍ معاملات درج کئے گئے ہیں۔