• Tue, 11 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے ایچ ایس سی امتحانات کا آغاز

Updated: February 10, 2025, 10:40 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ممبئی ڈویژنل بورڈ سے ۳؍لاکھ ۳۸؍ہزار ۴۷۸؍طلبہ کی شرکت متوقع، بدعنوانی روکنے کیلئے ریاست بھرمیں ۲۷۱؍ فلائنگ اسکواڈ تعینات

Students are excited to appear for the HSC exam. (File photo)
طلبہ ایچ ایس سی امتحان میں شرکت کیلئے پُرجوش ہیں۔(فائل فوٹو)

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایس ای ) پونےکی جانب سے منعقد کئے جانےوالےایچ ایس سی امتحانات کا آغازآج (منگل ) سے ہورہاہے۔امسال بورڈ نے نقل سے پاک  امتحانات کو یقینی بنانےکیلئے جہاں امتحان سے قبل اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں ضروری مہم چلائی  وہیں امتحانی مراکزاوران کے اطراف میں ۱۰۰؍میٹر کی دوری تک  زیروکس کی دکانوںاور انٹرنیٹ وغیر ہ کی دستیاب سہولیات پر بھی پابندی عائد کردی ہے، علاوہ ازیں امتحانی مراکز پر ہونےوالی بدنظمی سے نمٹنےکیلئے پولیس اور فلائنگ اسکواڈ تعینات کیا ہے۔ 
   ممبئی ڈویژن نے بھی  بورڈامتحانات کیلئے پوری تیاری کرلی ہے۔ ا مسال ۱۰؍ویں اور ۱۲؍ ویں جماعت کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ممبئی ڈویژن سے۳؍لاکھ ۳۸؍ہزار ۴۷۸؍ طلبہ ایچ ایس سی  امتحان میں شرکت کریں  گے۔  
 ۱۲؍ویں کے امتحانات ۱۱؍فروری سے ۱۸؍ مارچ ۲۰۲۵ءکے درمیان منعقدکئے جائیں گے۔
   ایچ ایس سی امتحان کیلئے ممبئی ڈویژنل بورڈ سے سب سےزیاد ہ کامرس فیکلٹی کےطلبہ نے رجسٹریشن کروایاہے،گزشتہ سال کےمقابلے ۵؍ ہزار زیادہ طلبہ یعنی ایک لاکھ ۶۳؍ہزار ۹۶۵؍ طلبہ امتحان میں شریک ہورہےہیں۔ اس کے بعد سائنس کے طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور امسال ایک لاکھ ۲۵؍ہزار ۲۴۰؍طلبہ شرکت کریں گے۔آرٹس کے طلبہ کی  تعدادبھی بڑھی ہے، ۴۵؍ہزار ۴۱۵؍طلبہ امتحان دینےوالے ہیں۔ان سبھی فیکلٹی کیلئے مجموعی طورپر ۳؍لاکھ ۳۸؍ ہزار ۴۷۸؍ طلبہ امتحان دینے والےہیں۔
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثارنے ایچ ایس سی کے طلبہ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ’’ امسال نقل سے پاک بورڈ امتحانات کو یقینی بنانےکیلئے اسٹیٹ بورڈ کی جانب سے متعدد قسم کے اقدامات اُٹھائے گئےہیں جن کی ستائش کی جانی چاہئے ۔  ان سبھی تیاریوںکو دیکھتے ہوئے کہاجاسکتاہےکہ امسال بورڈ امتحانات شفافیت سے منعقد کئے جائیں گے۔‘‘
 ممبئی ڈویژن کے چیئرمین راجند ر آہیرے کےمطابق ’’ ممبئی ڈویژن میں ۱۲؍ویں کے امتحان کیلئےسبھی امتحانی مراکز پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ نقل کے معاملے کو مکمل طور پر روکنے کیلئے ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور پال گھر اضلاع کے تمام محکموں کے سرکاری افسران اور عملے کی مدد سے امتحانی مراکز پر ڈیوٹی دینے والی ٹیمیں اور فلائنگ ٹیمیں دستیاب ہوں گی۔‘‘
 بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نےپیر کو ایچ ایس سی امتحان کےتعلق منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایاکہ ’’ امسال کل ۱۵؍ لاکھ ۵؍ہزار ۳۷؍طلبہ نے ایچ ایس سی امتحان کیلئے رجسٹریشن کروایا ہے۔ اس امتحان کیلئے ریاست بھر میں۳؍ ہزار ۳۷۳؍ امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سائنس اسٹریم کےسب سے زیادہ۷؍لاکھ ۶۰؍ہزار ۴۶؍طلبہ ، آرٹس اسٹریم کے ۳؍لاکھ ۸۱؍ ہزار ۹۸۲؍، کامرس کے ۳؍ لاکھ ۲۹؍ ہزار ۹۰۵؍، ووکیشنل کے ۳۷؍ ہزار ۲۲۶؍ اور آئی ٹی آئی کے ۴؍ہزار ۷۵۰؍ طلبہ ہیں۔امتحان کے دوران بدعنوانی روکنے کے لئے ریاست بھر میں ۲۷۱؍ فلائنگ اسکواڈ تعینات کئے گئے ہیں۔ ‘‘

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK