کہا : انگریزی کا پرچہ آسان تھا۔ انتظامیہ کے مطابق حساس امتحانی مراکز پر ڈرون سے نگرانی کی گئی اور ۵۰۰؍ میٹر تک ٹیلیفون بوتھ اور زیروکس سینٹر بند رہے
EPAPER
Updated: February 11, 2025, 10:02 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
کہا : انگریزی کا پرچہ آسان تھا۔ انتظامیہ کے مطابق حساس امتحانی مراکز پر ڈرون سے نگرانی کی گئی اور ۵۰۰؍ میٹر تک ٹیلیفون بوتھ اور زیروکس سینٹر بند رہے
ایچ ایس سی امتحانات کا منگل کو آغاز ہوا۔طلبہ نے جوش وخروش سے امتحان میں شرکت کی۔ امتحانی مراکز پر ضروری اطلاعات سے آگاہ کرنےکیلئےوہاںتعینات عملے نے طلبہ اوروالدین سے بھرپور تعاون کیا۔ طلبہ نے بتایا کہ انگریزی کا پہلا پرچہ آسان تھالیکن پرچہ طویل ہونے سے وہ پورے سوالات حل نہیں کر پائے ۔ انتظامیہ نے نقل سے پاک امتحانات کا خاص خیال رکھا ، حساس امتحانی مراکز پر ڈرون سے نگرانی کی گئی ،امتحان گاہ سے ۵۰۰؍ میٹر تک ٹیلی فون بوتھ اور زیروکس سینٹروغیرہ بند رہے ۔
باندرہ لنکنگ روڈ پر رہائش پزیر مسرز ایرانی کےمطابق ’’ میرا بیٹا ایرانی دانش ہارموزدلرننگ ڈیس ابیلٹیز(ڈی ایل ) کاشکار ہے، اس کے باوجود اس نے بارہویں کے امتحان کی پوری تیاری کی ۔ اس کا سینٹر باندرہ کے انجمن اسلام اسکول میں ہے۔ یہاں اس کیلئے خاص انتظام کیاگیا ہے۔ سینٹر کا عملہ بھی پوری طرح اس سے تعاون کررہاہے۔ امتحان شروع ہونے سے قبل ۲؍مرتبہ میں نے انجمن اسلام اسکول کادورہ کرکے سینٹر کے تعلق سے ساری معلومات حاصل کرلی تھی۔ اسی وجہ سے امتحان والے دن میں دانش کے ساتھ نہیں گئی لیکن امتحان دے کر گھر آنےپر اس نے بتایا کہ سینٹر پر ہر طرح کی سہولت تھی ۔ امتحان دینےمیں کوئی دقت نہیں آئی۔‘‘مسرز ایرانی نے بتایاکہ ’’ دانش کےبقول انگریزی کا پرچہ آسان ضرور تھا لیکن طویل ہونے سے وہ پورا پرچہ حل نہیں کرسکا۔‘‘
واشی بورڈ کے کائونسلر مرلی دھر مورے نے بتایاکہ ’’ منگل کوہونےوالا انگریزی کاپرچہ آسان تھا۔ اس وجہ سے پرچہ کے بعدکسی سرپرست یا طلبہ نے فون کرکےپیپر کےتعلق سے کسی طرح کامنفی تبصرہ نہیں کیااورنہ ہی کسی امتحانی مرکز کےتعلق سے بدنظمی کی شکایت موصول ہوئی۔ نقل سے پاک مہم کاخاص خیال رکھا گیا، حساس امتحانی مراکز پر ڈرون سے نگرانی کی گئی ،دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کئے جانے سے سینٹروںپر ۴؍سےزیادہ افراد اکٹھانہیں ہوئے۔امتحان گاہ سے ۵۰۰؍میٹر کی دوری تک ٹیلی فون بوتھ اور زیروکس سینٹروغیرہ بند رہے ۔طلبہ اور سرپرستوںنے بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا۔‘‘
باندرہ(مغرب) کے انجمن اسلام محمد اسحاق جمخانہ والا اُردوگرلزہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کی پرنسپل صباپٹیل اور باندرہ (مشرق) کے نیشنل اُردو ہائی اسکول کی پرنسپل مومن علیمہ کےمطابق بورڈ کی تمام ہدایتوںکے مطابق بارہویں جماعت کے پہلے پرچہ کا امتحان منعقدکیاگیا۔ طلبہ اور سرپرستوں نے بھی بورڈامتحان کیلئےسبھی ضابطوں پر پابندی سے عمل کیا۔ ‘‘
بدھ(آج) کو پہلے سیشن میں ہندی اور دوسرے سیشن میں جرمن، جاپانی ، چینی اور فارسی کے پرچے ہوںگے جبکہ جمعرات ۱۳؍فروری (کل)کو پہلے سیشن میں مراٹھی ،گجراتی، کنڑ، سندھی، ملیالم ، تیلگو،پنجابی اور بنگالی کے پرچے اور دوسرے سیشن میں اُردوکاپرچہ ہوگا۔