Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

رمضان المبارک میں بازاروں میں عطر کی فروخت میں زبردست اضافہ

Updated: March 17, 2025, 11:48 AM IST | Agency | New Delhi

دعوتِ افطار اور نمازِتراویح کے دوران خصوصی طورپراستعمال کیلئے فروخت ہونے کی وجہ سے عطر کی صنعت اس وقت اپنے عروج پر ہے۔

Oud and musk are the most popular because of their deep fragrance. Photo: INN
گہری خوشبو کی وجہ سے عود اور مشک سب سے زیادہ فروخت ہورہی ہے۔ تصویر: آئی این این

مقدس ماہ رمضان میں ملک بھر کے بازاروں میں عطر کی فروخت میں زبردست اضافہ نظر آ رہا ہے۔ رمضان  المبارک کے دوران عطر استعمال کرنے کی روایت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس کی وجہ سے بازاروں میں مختلف پرفیوم اسٹورس اور دکانوں میں اس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی ، حیدرآباد،نئی دہلی اورلکھنؤ   کے مختلف علاقوں کے عطر فروشوں نے بتایا ہے کہ روایتی عطر خریدنے والے گاہکوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے۔ 
 یہ قدرتی اور دیرپا خوشبوخاص طور پر دعوت ِ افطار اور نمازِتراویح  کے دوران استعمال کے لئے پسند کی جا رہی ہیں۔عود اور مشک کی گہری خوشبو کی وجہ سے یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اقسام میں شامل ہیں۔گلاب اور چمیلی والے عطر کی پھولوں کی خوشبو کو خاص طور پر خواتین میں بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔صندل اور عنبر کی روایتی خوشبو کی طلب بھی زیادہ ہے کیونکہ یہ ذہنی سکون اور روحانی ماحول پیدا کرتی ہیں۔ 
 عطر فروشوں نے بتایا کہ عام دنوں کے مقابلے میں رمضان میں ان کی فروخت دوگنی ہوگئی ہے۔ دکانداروں نے رمضان کی خصوصی پیشکشیں اور رعایتی شرح متعارف کروائی ہیں تاکہ مزید گاہکوں کو متوجہ کیا جا سکے۔ سڑکوں پر عطر فروش کرنے والوں نے بھی مساجد اور خریداری کے مراکز کے قریب عارضی اسٹال لگا کر مختلف اقسام کے عطر مناسب قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ حیدرآباد کی مکہ مسجد کے قریب ایک دکان کے مالک نے کہا’’رمضان کے دوران لوگ خاص طور پر قدرتی خوشبو پسند کرتے ہیں، جو نماز اور افطار کے دوران استعمال کی جاتی ہیں۔ اس سال ہماری فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لوگ نہ صرف اپنے لئے بلکہ اپنے خاندان کے دیگر افراد اور دوستوں کے لئے بھی عطر خرید رہے ہیں۔‘‘
 ڈیجیٹل خریداری کے رجحان میں اضافہ کے باعث آن لائن پلیٹ فارمس اور ای کامرس ویب سائٹس پر بھی عطر کے آرڈرس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ نوجوان خریدار روایتی اور جدید خوشبو کے امتزاج پر مشتمل کسٹمائزڈ عطر یات کو زیادہ پسند کر رہے ہیں۔ 
 واضح رہے کہ عطر صدیوں سے اسلامی روایات کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ بہت سے لوگ مانتے ہیں کہ خالص اور الکحل سے پاک خوشبو نہ صرف ذاتی خوشبو میں اضافہ کرتی ہے بلکہ رمضان المبارک کے روحانی ماحول سے بھی ہم آہنگ ہوتی ہے۔ جیسے جیسے رمضان آگے بڑھ رہا ہے،  ملک کے  بڑے شہروںکے بازار عطر کی دلفریب خوشبوؤں سے معطر ہو رہی ہیں۔ زیادہ طلب ،جدید اور روایتی خوشبو کا امتزاج اور رمضان کی خصوصی فروخت کی وجہ سے عطر کی صنعت اس وقت اپنے عروج  پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK