• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلاڈلفیا میں سیکڑوں نوعمروں نے لُوٹ مار مچادی

Updated: September 28, 2023, 11:01 AM IST | Agency | Philadelphia

ماسک پہن کر فوج کی فوج اسٹورس میں داخل ہوئی اور چیزیں لوٹ کر فرار ہوگئی۔

Store condition after looting in Philadelphia. Photo. INN
فلاڈلفیا میں لوٹ کے بعد اسٹور کی حالت۔ تصویر:آئی این این

منگل کی شام امریکہ کے شہر فلاڈلفیا میں سیکڑوں نوعمر بچوں نے آفت مچادی۔ انہوں نے ماسک پہن کر اور گروہ کی شکل میں نکل کر شہر کے متعدد اسٹورس میں لوٹ مارکی اور کئی جگہوں پر  املاک کو نقصان بھی پہنچا یا۔اس میں پولیس کی ایک جیپ بھی شامل ہے۔ یہ اطلاع ملتے ہی کہ شہر میں  بچوں کی فوج لوٹ مار کرتی پھر رہی ہے، پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی جس کے بعد ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ۲۰؍ کو گرفتار کرلیاگیا۔  ۲؍ ہتھیار بھی ضبط کئے گئے ہیں۔جن اسٹورس میں  لوٹ مار کی گئی ان میں  ایپل اسٹور، لولو لیمن اور فوٹ لاکر شامل ہیں۔ 
خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق ایپل اسٹور پر نوعمروں کی اس فوج نے شام ۸؍ بجے دھاوا  بولا۔ گروہ میں شامل تمام نوجوانوں نے ماسک پہن رکھےتھے اس لئے ان کی شناخت مشکل تھی۔پولیس کو جیسے ہی اطلاع ملی وہ بھی مذکورہ اسٹور پہنچی اور بھاگتے ہوئے نوجوانوں کا پیچھا کیا جس کے نتیجے میں وہ ایک جگہ پر بہت سے آئی پیڈ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ 
چند اسٹورس میں بچوں کی اس فوج کو دیکھ کر جب سیکوریٹی اہلکاروں نے دروازے بند کرلئے تو انہوں نے نہ صرف طاقت کے بل پر دروازے کھلوالئے بلکہ فوٹ لاکر میں تو سیکوریٹی گارڈ کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔ 
لوٹ مار کی یہ واردات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک پولیس افسر کے ذریعہ  ایک ڈرائیور کو گولی مار دینے کے معاملے میں عدالت  کے فیصلے کے خلاف شہر میں احتجاج ہورہاہے۔ جج نے پولیس افسر کو قتل کے الزام سے بری کردیا ہے۔ یہ سمجھا جارہاتھا کہ نوعمروں کے ذریعہ لوٹ مار کی اس  واردات کا تعلق اسی احتجاج سے ہے،  تاہم پولیس نے اس کی تردید کی ہے۔ کارگزار پولیس کمشنر جان اسٹین فورڈ کے مطابق جن لوگوں نے لوٹ مار کی انہوں نے احتجاج کو اپنی مجرمانہ حرکت کیلئے جواز کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس کا مظاہروں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ آج شام ہمیں جن لوگوں کا سامنا کرنا پڑا وہ موقع پرست جرائم پیشہ عناصر کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK