خاتون لیڈر نے کہا ’’میں ذاتی طور پر مشکلوں سے گھری ہوئی ہوں‘‘، بیڑ میں منعقد کی گئی ریلی پر بھی صفائی دی۔
EPAPER
Updated: September 28, 2023, 9:51 AM IST | Agency | Beed
خاتون لیڈر نے کہا ’’میں ذاتی طور پر مشکلوں سے گھری ہوئی ہوں‘‘، بیڑ میں منعقد کی گئی ریلی پر بھی صفائی دی۔
بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے اس وقت مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔ ان کے کارخانے کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ پارٹی میں انہیں حاشئے پر ڈال دیا گیا ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی میں ہیں اس لئے پریشان نہیں ہیں بلکہ ذاتی طور پر مشکلوں سے گھری ہوئی ہیں۔
ایک مراٹھی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بی جے پی میں پریشان ہیں؟ جواب میں انہوں نے کہا ’’میں بی جے پی میں پریشان نہیں ہوں، بلکہ ذاتی طور پر مشکلوں سے گھری ہوئی ہوں۔ میں جس صورتحال کا سامنا کر رہی ہوں وہ کسی کے بھی سامنے آئے گی تو وہ پریشان ہی ہوگا۔ کیونکہ ایسے موقع پر کیا کرنا ہے یہ معلوم ہی نہیں ہے پھر بھی میں مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہوئی ہوں۔‘‘
ان کے اگلے قدم کے تعلق سے پوچھنے پر پنکجا نے کہا ’’میں پریشانی کے سبب کوئی قدم نہیں اٹھائوں گی، میں بہت سخت جان ہوں۔ میں فوراً ڈگمگانے والی نہیں ہوں۔‘‘حال ہی میں پنکجامنڈے نے شیو شکتی یاترا نکالی تھی جسے بی جے پی کے خلاف بغاوت کا اشارہ سمجھا گیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا ’’اب سیاست بہت گندی ہو چکی ہے۔‘‘ان کے اس بیان کو این سی پی اور بی جے پی کے درمیان حال ہی میں ہوئے اتحاد پر تنقید سمجھا گیا۔ لیکن پنکجا نے وضاحت کی کہ ’’یہ ریلی بیڑ میں تھی ( ان کا آبائی وطن اور حلقۂ انتخاب) اور بیڑ میں ہماری اصل حریف این سی پی ہے۔ این سی پی کے ساتھ اتحاد کے بعد ہمارے کارکنان کو فکر تھی کہ اب میرا کیا ہوگا؟ میں سب کو علاحدہ علاحدہ تو جواب دے نہیں سکتی تھی اسلئے میں نے ریلی میں جواب دیا کہ اس وقت سیاسی حالات گندے ہیں لیکن میں مناسب راستہ اختیار کروں گی۔‘‘پنکجا اس وقت حاشئے پر ہیں۔ اس تعلق سے انہوں نے کہا ’’جب گزشتہ الیکشن میں مجھے شکست ہوئی تھی تو کسی نے بھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔ صرف ادھو ٹھاکرے صاحب نے مجھے فون کیا اور میرا حوصلہ بڑھایا۔‘‘