بی پی ایس سی امیدواروںپر لاٹھی چارج کیخلاف وزیراعلیٰ نتیش کمار پر آر جے ڈی لیڈر کیشدید تنقید ، کہا :وزیر اعلیٰ کو قید کرلیا گیا ہے
EPAPER
Updated: December 29, 2024, 9:25 AM IST | Patna
بی پی ایس سی امیدواروںپر لاٹھی چارج کیخلاف وزیراعلیٰ نتیش کمار پر آر جے ڈی لیڈر کیشدید تنقید ، کہا :وزیر اعلیٰ کو قید کرلیا گیا ہے
بہار میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف سیاسی پارٹیاں جہاں ایک طرف اپنے خیمے کو مضبوط کرنے میں لگی ہیں ، تووہیں دوسری جانب وزیراعلیٰ نتیش کمار کے پالا بدلنے کی قیاس آرئیاں بھی خوب ہورہی ہیں۔ ایسے میںسنیچرکو ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونےبی پی ایس سی امیدواروں پر لاٹھی چارج کئے جانے کے معاملے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی سخت تنقیدکی۔ انہوں نے یہاں میڈیا کے سوالوں کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں سرکار کون چلا رہا ہے کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔
آرجے ڈی لیڈر نے ناراضگی ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ اب ہمیں اس بات پر گفتگو کرنی ہوگی کہ یہاں حکومت ہے بھی کہ نہیں؟ اگر واقعی سرکارہے تو وزیر اعلیٰ کواس کی قیادت کرنی چاہئےلیکن وہ فیصلہ کرنے کے لائق نہیں رہ گئے ہیں۔کوئی بھی اہم مسئلہ ہو، اس کے بارے میں وہ فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔ اگر وزیر اعلیٰ طلبہ کے مسئلے پر بھی فیصلہ نہیں کرپا رہے ہیں تو پھر حکومت کون چلا رہا ہے ؟
اپوزیشن لیڈر نے اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت چند ایک سبکدوش افسران اور چند لیڈران چلارہے ہیں جن میں دو ایک دہلی میں ہیں اور ایک دو یہاں پٹنہ میں ہیں،وہی اپنے فائدے کیلئے فیصلے کررہے ہیں، ان کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ لوگ عوام کو چھوڑ چکے ہیں۔
تیجسوی یادونے کہا کہ وزیر اعلیٰ بات چیت کے لئے باہر آتے ہیں لیکن نہ توکبھی انہوں نے نوجوانوں سے بات چیت کی، نہ میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوںنے ہمارے دوخط کا ابھی تک جواب دیا ہے اور نہ ہی اروند کیجریوال کے خط کا جواب دیا ہےجبکہ اروند کیجریوال وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔ ایسے میں سوال اٹھنا فطری ہے کہ آخر حکومت کون چلا رہا ہے؟ تیجسوی یادو کے بیان پر جب صحافیوں نے کہا کہ سنجے جھا نے کہا ہے کہ ہم نے اروندکیجریوال کے خط کا جواب دے دیا ہےتو اس پر آرجے ڈی لیڈر بھڑک گئے اور کہا کہ یہ کون ہے جواب دینے والا ؟ اروند کیجریوال وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔ انہوںنتیش کمار کو خط لکھا ہے ،انہیں جواب دینا چاہئے۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار صحت مند نہیں ہیں کیا؟ کیا انہیں قید کرلیا گیا ہے؟
تیجسوی یادو نے ۷۰؍ویں بی پی ایس سی امتحان کے امیدواروں پر لاٹھی چارج کے واقعہ کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کئی سال سے وزیر اعلیٰ طلبہ پر پولیس سے لاٹھی چارج کروا رہے ہیں جس کی وجہ سے نوجوانوں کو جسمانی اور ذہنی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ وزیراعلیٰ اس معاملے پر بھی خاموش ہیں۔