مہاراشٹر کے بحری علاقوں میں ڈرون تعینات کئے جائیں گے جو غیر قانونی ٹرالرس پر نظر رکھیں گے، ابتدائی طور پر ۸؍ سال کیلئے کانٹریکٹ۔
EPAPER
Updated: January 14, 2025, 11:14 AM IST | Agency | Thane/Palghar
مہاراشٹر کے بحری علاقوں میں ڈرون تعینات کئے جائیں گے جو غیر قانونی ٹرالرس پر نظر رکھیں گے، ابتدائی طور پر ۸؍ سال کیلئے کانٹریکٹ۔
آئیڈیا فورج ٹیکنالوجی لیمیٹیڈ، جو ڈرون ٹیکنالوجی میں عالمی لیڈر ہے، نے حکومت مہاراشٹر کے ماہی پروری کے محکمے کے ذریعے شروع کئےگئے ایک اہم پروجیکٹ کیلئے شنیل ڈرون ٹیکنالوجی لیمیٹیڈ کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ اس تاریخی پیش رفت کا باضابطہ آغاز گزشتہ ہفتے ممبئی میں ماہی پروری کمشنر کے دفتر میںکیا گیا۔
ریاست کے بحری علاقوں میں غیر قانونی، غیر رپورٹ شدہ اور غیر منظم ماہی گیری کو روکنے کیلئے یہ ایک بہترین اقدام ہے۔ اس تقریب میں شنیل ڈرون ٹیکنالوجیز کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر بھوشن خومانے اور آئیڈیا فورج ٹیکنالوجی لیمیٹیڈکے نائب صدر بزنس ڈیولپمنٹ وشال سکسینہ نے شرکت کی۔اس تقریب میں جدید ترین ڈرون پر مبنی نگرانی اور ڈیجیٹل ڈیٹا مینٹیننس سسٹم کے افتتاح کا مشاہدہ کیا گیا، جسے مہاراشٹر میرین فشریز ریگولیشن (ترمیمی) ایکٹ ، ۲۰۲۱ء کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ اہم قدم نہ صرف ماہی گیری کی نگرانی کیلئے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی نشاندہی کرتا ہے، بلکہ ہندوستان میں اس طرح کی پہلی تقرری کی نمائندگی کرتا ہے، جو سمندری وسائل کے انتظام اور ریگولیٹری نفاذ میں ایک نیا معیار قائم کرتا ہے۔
۷۲۰؍ کلومیٹر ساحلی پٹی پر پھیلا ہوا یہ پروجیکٹ مہاراشٹر کے ۷؍ بڑے ساحلی اضلاع بشمول پال گھر، تھانے، ممبئی مضافاتی، ممبئی سٹی، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ میں ڈرون تعینات کرے گا۔ معاہدے کے ایک حصے کے طور پر، بحری ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے، سمندری ماحولیاتی نظام کی حفاظت اور ماہی گیری کے جہازوں کی حقیقی وقت میں نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے آئیڈیا فورج کے سوئچ یو اے ویزکو تعینات کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ۸؍ سال کی ابتدائی مدت کیلئے چلایا جائے گا۔