وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان ، بجلی بل میں بھی ۳۰؍ فیصد تخفیف کا وعدہ، عوام کو یقین دلایا کہ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: November 07, 2024, 2:04 PM IST | Kollhapur
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان ، بجلی بل میں بھی ۳۰؍ فیصد تخفیف کا وعدہ، عوام کو یقین دلایا کہ کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کولہا پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت دوبارہ آئی تو وہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم کو بڑھا کر ۱۵؍ سو سے ۲۱؍ سو روپےکر دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں ۱۰؍ اعلانات کئے۔ اس میں کسانوں کو ایم ایس پی کی گارنٹی، آنگن واڑی سیویکائوں کی تنخواہوں میں اضافہ، گائوں میں سڑکوں کی تعمیر ،نئے روزگار پیدا کرنا، بجلی بل میں ۳۰؍ فیصد کی کٹوتی جیسے وعدے شامل ہیں۔ ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے لاڈلی بہن اسکیم کی رقم میں اضافے کا بھی اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا ’’ ۲۰۱۴ء میں انتخابی مہم کا آغاز ہم نے یہیں (کولہاپور)سے کیا تھا۔ اس بار بھی ہم اپنی انتخابی مہم یہیں سے شروع کر رہے ہیں۔ ۲۳؍ نومبر کو ہم جیت کا گلال لے کر پھر یہاں آئیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ اس وقت ہم لاڈلی بہن اسکیم کے تحت ایک ہزار ۵؍ سو روپے دے رہے ہیں۔ اگر ہم دوبارہ اقتدار میں آئے تو اس رقم کو ۲؍ ہزار ایک سو روپے کر دیں گے۔ میں آپ کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا‘‘
ایکناتھ شندے نے کچھ اعلانات وہی کئے ہیں جو ادھو ٹھاکرے نے اپنے جلسے میں کئے تھے۔ ان میں کسانوں کو فصلوں کے مناسب دام دلوانے کے علاوہ اشیائے ضروریہ جیسے دال ،چاول، تیل ، شکر وغیرہ کے داموں پر کنٹرول کرنا شامل ہے۔ لیکن جو اعلان توجہ طلب ہے وہ بجلی کے بلوں میں ۳۰؍ فیصد کی کٹوتی کا ہے کیونکہ بجلی کے داموں میں کچھ عرصہ پہلے ہی ۳۰؍ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تو کیا شندے اسی اضافے کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ یاد رہے کہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم میں اضافے کے اعلان نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی کیا ہے۔