ناندیڑ کی وزیر آباد مسجد میں دعوت افطار، غیر مسلم مہمانوں کی شرکت ایس پی ابیناش کمار کی مذہب پر عمل کی تلقین۔
EPAPER
Updated: March 11, 2025, 11:28 AM IST | ZA Khan | Nanded
ناندیڑ کی وزیر آباد مسجد میں دعوت افطار، غیر مسلم مہمانوں کی شرکت ایس پی ابیناش کمار کی مذہب پر عمل کی تلقین۔
جماعت اسلامی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ناندیڑ کی مسجد وزیر آباد میں ایک پُروقار افطار پارٹی منعقد کی گئی، جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ضلع ایس پی ابیناش کمار، مراٹھا سیوا سنگھ اور دیگر سماجی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز مجید خان کے درسِ قرآن سے ہوا، جس میں انہوں نے رمضان المبارک میں روزے کی فرضیت، اس کی حکمت اور قرآن کی روشنی میں بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ پیدا کرنا ہے، تاکہ انسان برائیوں سے بچے اور نیکیوں کی طرف راغب ہو کر اللہ کی رضا حاصل کر سکے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی ابیناش کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے، جس میں مسلمان عبادت میں مشغول ہوتے ہیں اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کی کتابوں میں انسانیت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا گیا ہے۔ اگر لوگ اپنی مذہبی تعلیمات پر عمل کریں تو سماج میں کبھی بھی برائیا پیدا نہیں ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب لوگ اپنے مذاہب کی اصل تعلیمات سے دور ہو جاتے ہیں تو وہ غلط راستے پر چل پڑتے ہیں، جسکی وجہ سے پولیس کو جرائم کی روک تھام کیلئے کارروائی کرنی پڑتی ہے۔
مسجد وزیر آباد کے امام و خطیب مفتی ایوب قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں روزے کی فرضیت کا مقصد تقویٰ (یعنی اللہ کا خوف) پیدا کرنا قرار دیا ہے، تاکہ لوگ اللہ کی نافرمانی سے بچیں اور اس کی اطاعت کریں۔ جماعت اسلامی ہند ناندیڑ کے مقامی امیر، ابرار دیشمکھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ اس کوشش میں رہتی ہے کہ برادرانِ وطن کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کروایا جائے۔ اس مقصد کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے، افطار پارٹی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر مسلم بھائی مسجد کے ماحول کو قریب سے دیکھیں، مسلمانوں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کریں اور آپسی تعلقات کو مضبوط بنائیں۔ تمام شرکاء نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا، پھر نمازِ مغرب ادا کی گئی۔ غیر مسلم مہمانوں نے نماز کے مناظر کا مشاہدہ کیا۔ نماز کے بعد جماعت اسلامی ہند کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کو قرآن مجید کا مراٹھی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ یہ افطار پارٹی بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرتی تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ایک کامیاب قدم ثابت ہوئی۔