سنجے راؤت نے کہا : بی جے پی میں ہمت ہے تو بیلٹ پیپر پر الیکشن منعقد کرکے بتائے۔ پرکاش امبیڈکر کی ووٹوں کی گنتی سے قبل فیصلہ سنانے کی درخواست۔
EPAPER
Updated: April 02, 2024, 11:14 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
سنجے راؤت نے کہا : بی جے پی میں ہمت ہے تو بیلٹ پیپر پر الیکشن منعقد کرکے بتائے۔ پرکاش امبیڈکر کی ووٹوں کی گنتی سے قبل فیصلہ سنانے کی درخواست۔
انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم) کی سبھی ووٹر ویریفائڈ پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پیٹ) کی گنتی کے تعلق سے داخل کی گئی ایک پٹیشن پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت کو اپنا جواب دینے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کا اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے خیرمقدم کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ سبھی وی وی پیٹ کی گنتی کا فیصلہ سناتا ہے تو یہ جمہوریت کے حق میں تاریخی فیصلہ ہوگا۔
بی جے پی پرسنجے راؤت کی تنقید
شیو سینا(ادھو) کے لیڈر سنجے راؤت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوںنے منگل کوایک بار پھر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ای وی ایم کو جمہوریت نہیں مانتے ہیں۔ انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں ہمت ہے تو بیلٹ پیپر پر الیکشن منعقد کرکے بتائے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ہم ای وی ایم کو جمہوریت نہیں مانتے کیونکہ اس پر عوام کا بھروسہ نہیں ہے۔ جب ووٹر نہیں جانتا کہ اس نے کس کو ووٹ دیا ہے اور کس کو ووٹ گیا ہے۔ بیلٹ پیپر میں ہم جانتے تھے کہ ہم نے کس نشانی اور امیدوار کو ووٹ دیا ہے لیکن ای وی ایم میں اب تک یہ نتیجے سامنے آئے ہیں اور لوگوں نے یہ ڈیمونسٹریشن کر کے دکھایا ہے کہ آپ کسی کوبھی ووٹ دو لیکن ووٹ کنول ہی کوجاتا ہے۔ اس لئے پورے ملک کے عوام کے دلوں میں یہ ڈر ہے کہ وہ جن کو ووٹ دینا چاہتے ہیں، انہیں ووٹ نہیں جاتا ۔ ای وی ایم کے خلاف ملک بھر کے وکیلوں نے بھی احتجاج کیا تھا۔ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ بیلٹ پیپر پر انتخابات کرائے جائیں لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا اور بی جے پی کی حکومت یہ سننے کیلئے تیار نہیں کیونکہ ای وی ایم تو انہوں نے سیٹ کر رکھا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جلگائوں پتھرائو معاملے میں گرفتاریوں پر کئی سوالات
سنجے راؤت نے کہاکہ’’پوری دنیا میں بیلٹ پیپر پر انتخابات ہورہے ہیں۔ روس، یورپ،امریکہ اور افریقہ کہیں بھی ای وی ایم سے انتخابات نہیں ہو رہے ہیں۔ آخری ملک بنگلہ دیش تھا، وہاں سے بھی ای وی ایم کو ہٹا دیا گیا ہے اور انتخابات بیلٹ پیپر ہی پر ہوتے ہیں۔‘‘ انہوں نے سوال کیاکہ’’جب عوام اور سیاسی پارٹیاں ای وی ایم کے خلاف ہیں تو بی جے پی کو ای وی ایم سے اتنا پیار کیوں ہے؟ کیونکہ کچھ گڑ بڑ گھوٹالہ اور گول مال ہے۔ لہٰذا اگر سپریم کورٹ وی وی پیڈ کی گنتی کا فیصلہ دیتا ہے تو پورا دیش اس کا استقبال کرے گا۔‘‘
جمہوریت کے تحفظ کا فیصلہ : جتیندر اوہاڑ
انڈیا اتحاد اور این سی پی (شرد چندر پوار) کے لیڈر جتیندر اوہاڑ نے بھی سپریم کورٹ کےمذکورہ فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ جمہوریت کے تحفظ کا فیصلہ ہے۔ ‘‘ ووٹوں کی گنتی سے قبل سپریم کورٹ وی وی پیٹ کی گنتی کا فیصلے سنائے: ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر
ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے اپنے ایکس ہینڈل پر ای وی ایم اور وی وی پیٹ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ونچت بہوجن اگھاڑی مسلسل اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔ یہ بہت اچھی بات ہے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وی وی پیٹ گنتی کی ہدایات ووٹوں کی گنتی کی تاریخ سے پہلے دی جائیں گی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات کی لہر چل رہی ہے اور اپوزیشن پارٹیوں نے ای وی ایم پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے بیلٹ پیپر پر انتخابات کرانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔