سینئر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا کہ تاریخ، ۱۳؍ ماہ میں واجپئی حکومت کے گرنے کے واقعے کود ہرائے گی
EPAPER
Updated: September 15, 2024, 10:31 AM IST | Mumbai
سینئر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا کہ تاریخ، ۱۳؍ ماہ میں واجپئی حکومت کے گرنے کے واقعے کود ہرائے گی
مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر آئندہ اسمبلی الیکشن میں مہاراشٹر حکومت تبدیل ہو گئی تو مرکز میں مودی حکومت بھی گر جائے گی کیونکہ ایسی صورت میں نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔ چوہان ودربھ کے گوندیا ضلع میں بی جے پی کے سینئر لیڈر گوپال اگروال کی کانگریس میں شمولیت کیلئے منعقدہ تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔
پرتھوی راج چوہان نے کہا’’ مہنگائی، بے روز گاری، کسانوں کی خود کشی اور آئین کا تحفظ ایسے کئی مسائل ہیں جنہیں مہاراشٹر کی ’تگاڑی‘ حکومت حل نہیں کر سکی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ تین تگاڑا، کام بگاڑا کے مصداق اس حکومت میں اب انتشار پیدا ہو چکا ہے۔ ‘‘ پرتھوی راج چوہان کے مطابق اس حکومت کو اب آپ کو بدلنا ہی ہوگا۔ ہریانہ میں بی جے پی کو شکست ہونے والی ہے۔ آپ بھی مہاراشٹر میں اسے شکست دے دیجئے۔ اس کے بعد مرکز میں مودی حکومت کمزور ہو جائے گی۔ نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔‘‘پرتھوی راج چوہان نے کہا ’’ جس طرح اٹل بہاری واجپئی کی حکومت ۱۳؍ مہینوں میں گر گئی تھی۔ اسی طرح نریندر مودی کی حکومت بھی گر جائے گی۔ اس تاریخ کو دہرایا جائے گا۔ ‘‘
اس دوران بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے والے گوپال اگروال کے تعلق سے پرتھوی راج چوہان نے کہاکہ ’’میں جب وزیر اعلیٰ تھا تو میں نے گوپال اگروال کے ساتھ کام کیا ہے۔یہ پوری ریاست میں گھوم سکتے ہیں اور بھنڈارہ اور گوندیا ان دونوں اضلاع کی تمام ( اسمبلی) سیٹوں پر کانگریس کو جیت دلا سکتے ہیں۔ میں یہ ذمہ داری ان کے اوپر ڈال رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگوں نے بی جے پی کا اصل روپ دیکھ لیا ہے اسلئے آئندہ کچھ دنوں میں کئی بی جے پی لیڈر کانگریس میں شامل ہوں گے۔ ابھی اس طرح کی تقاریب روزنہ منعقد ہوا کریں گی۔‘‘پرتھوی راج چوہان نے اس موقع پر ودربھ والوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو یہاں دھول چٹائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسمبلی الیکشن میں بھی ودربھ کے عوام بی جے پی کو شکست دیں گے۔