• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈاکٹروں اور اسپتالوں کے تحفظ کیلئے آئی ایم اے نے تجاویز پیش کیں

Updated: November 10, 2024, 9:28 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ڈاکٹروں پر ہونےوالے حملوں پر قابو پانےکیلئے سخت قوانین بنانے کا مطالبہ، اسوسی ایشن کا مہاراشٹر میڈی کیئر ایکٹ ۲۰۱۰ءمیں ترمیم کامشورہ۔

The hospital has been rioted several times by relatives of the patients. File photo
مریضوں کے رشتہ داروں کے ذریعے کئی مرتبہ اسپتال میں ہنگامہ آرائی کی جاچکی ہے۔ فائل فوٹو

مہاراشٹر انڈین میڈیکل اسوسی ایشن (آئی ایم اے) جو بڑے پیمانے پر طبی تعلیم اور صحت کی خدمات بہتر بنانے میںکوشاںہے، نے حکومت سے طبی عملے کو پُرامن ماحول اور کام کے بہتر حالات فراہم کرنے کیلئے درخواستیں اور تجاویز پیش کی ہیں۔ آئی ایم اے نے ڈاکٹروں پر ہونےوالے حملوں اور طبی سہولیات کو نقصان پہنچانے پر قابو پانےکیلئے سخت قوانین بنانے کا مطالبہ کیاہے۔آئی ایم اے نے اس کیلئے مہاراشٹر میڈی کیئر ایکٹ ۲۰۱۰ءمیں ترمیم کرنے کی ضرورت پربھی توجہ دلائی ہے۔طبی عملے کی حفاظت اوراسپتالوں میں مناسب حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے `محفوظ زون بنانے کی بھی درخواست کی ہے۔
 آئی ایم اے نے اسپتال کے رجسٹریشن اور تجدید میں تبدیلیوں کی بھی تجویز پیش کی ہےساتھ ہی ۵۰؍بستروں والے اسپتالوںکو مہاراشٹر نرسنگ ہوم ایکٹ سے مستثنیٰ رکھنےکی اپیل کی ہے۔تجدید کا عمل سنگل پورٹل سسٹم کے ذریعے کرنے کامشورہ دیاہے۔ رجسٹریشن فیس میں اضافے کی تجویز کو ختم کرنے، پرانے اسپتالوں کیلئے درکار بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے اور اسپتالوں کے بستروں کی تعداد کی بنیاد پر نرسوں کی اہلیت کے حوالے سے کئی دیگر ریگولیٹری تقاضوں کو بھی ختم کرنے کی تجاویز پیش کی گئیںہیں۔ اس کے علاوہ، آئی ایم اے نے بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بھی تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہیں۔ 
 مہاتما جیوتی با پھولے جن آروگیہ یوجنا (MJPJAY) کے بارے میں بھی سفارشات پیش کی گئیںہیں اور اس اسکیم میں پرائیویٹ اسپتالوں کو شامل کرنے اور اسکیم میں شفافیت لانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ تمام ڈاکٹروں بالخصوص رات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین ڈاکٹروں کیلئےعلاحدہ، محفوظ اور سبھی حفاظتی سہولیات سےلیس بیت الخلاء بنانے کی تجاویز پیش کی گئیں ہیں۔ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، قابل اساتذہ کی تقرری، کام کے اوقات میں توازن، ڈاکٹروں کے کام سے متعلق تناؤ کا اندازہ لگانے اور خواتین ڈاکٹروں کی زیادہ تعداد والے اسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی سفارشات کی گئیںہیں۔
 آئی ایم اے نے یہ بھی تجویز پیش کی ہےکہ `سیٹ بلاکنگ بانڈ پالیسی کو فوری طور پر ختم کر دینا چاہئے، کیونکہ بانڈ کی رقم بہت زیادہ ہے اور ڈاکٹروں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتی ہے۔ جمہوری طرز حکمرانی کی بحالی اور کونسل ممبران کی تعداد بڑھانے کی تجاویز بھی دی گئیں ہیں۔ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے اور ضروری طبی اشیاء سے جی ایس ٹی ہٹانے کی بھی سفارشات کی گئیں ہیں۔   اس تعل سے مزید معلومات حاصل کرنےکیلئے آئی ایم اے مہاراشٹر کے صدرسے متعددمرتبہ موبائل فون پر رابطہ کرنے کےباوجود بات نہیںہوسکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK