• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رشوت معاملے کا اثر: اڈانی کی کمپنیوں کی ریٹنگ میں گراوٹ

Updated: November 27, 2024, 1:11 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

گلوبل ریٹنگ ایجنسی فچ نے اڈانی گروپ کی چار کمپنیوں کا آؤٹ لُک گھٹا دیا ہے، مُوڈیز نے بھی اس کی۷؍کمپنیوں کی ریٹنگ کو ’نگیٹیو‘ کردیا ہے۔

Adani shares continue to bear trend this week. Gautam Adani`s old picture in background symbolic statistics. Photo: INN
اس ہفتے بھی اڈانی شیئرز میں گراوٹ کا رجحان برقرار ہے۔گوتم اڈانی کی پرانی تصویرکے پس منظر میں علامتی اعدادوشمار۔ تصویر : آئی این این

سولارانرجی کے کانٹریکٹ کے حصول کیلئے اعلیٰ سرکاری افسروں کو  رشوت دینے کے الزامات کے سبب اڈانی گروپ کے لئے نئی مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔  جہاں ایک جانب شیئر بازار میں گروپ کی کمپنیوں کے شیئرز میں گراوٹ آئی ہے وہیں دوسری جانب نامور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے اڈانی گروپ کی کمپنیوں کی ریٹنگ گھٹائی گئی ہے۔ 
مُوڈیز نےاڈانی گروپ کی  ۷؍کمپنیوں کے متعلق کیا کہا؟
 عالمی ریٹنگ ایجنسی ’مُوڈیز‘ نے اڈانی گروپ کو بڑا جھٹکادیا ہے۔ مُوڈیز نے اڈانی کی ۷؍کمپنیوں کا ریٹنگ نظریہ گھٹاکر منفی کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مُوڈیز نے  اڈانی گرین اور اڈانی پورٹس سمیت اڈانی گروپ کی ۷؍ کمپنیوں کیلئے  اپنے آؤٹ لُک کو’اسٹیبل ‘ یعنی مستحکم سے ’نگیٹیو (منفی)  کردیا ہے۔مُوڈیز نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا  ہے جب اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کے خلاف رشوت دینے سےمتعلقہ معاملہ امریکی عدالت میں زیرسماعت ہے۔ دراصل امریکی  استغاثہ نے گوتم اڈانی اور دیگر پر مبینہ طور پر سولر انرجی کانٹریکٹ کی منظوری کیلئے ہندوستانی اہلکاروں کو ۲۵؍ کروڑ امریکی ڈالر سے زائد کی رشوت دینے  کا الزام لگایا ہے۔
مُوڈیز نے کن کمپنیوں کی ریٹنگ تبدیل کی ہے؟
 مُوڈیزنے اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی گرین انرجی اور اڈانی ٹرانسمیشن کی بالترتیب ۲-۲؍ یونٹس کی ریٹنگ میں تبدیلی کی ہے۔ اس کے علاوہ اڈانی الیکٹریسٹی ممبئی لمیٹیڈ، اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون لمیٹیڈ اور اڈانی انٹرنیشنل کنٹینر  ٹرمنل کی ریٹنگ کو اسٹیبل سے نگیٹو کردیا ہے۔
فِچ ریٹنگزنے چار کمپنیوں کی ریٹنگ تبدیل کردی
 عالمی ایجنسی فِچ ریٹنگز نے اڈانی گروپ کی چار کمپنیوں کا آؤٹ لُک بدل کر ’نگیٹیو‘ کردیا ہے۔ جبکہ تین کمپنیوں کی ریٹنگ واچ نگیٹیو میں رکھا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی نے امریکہ میں اڈانی گرین انرجی کے بورڈ پر لگے رشوت کےالزمات کے بعد ان کمپنیوںکی ریٹنگ کو کم کردیا ہے۔ 
ٹوٹل انرجیز نے اڈانی گرین انرجی میں نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا
 اڈانی گروپ کو فرانس میں بھی جھٹکا پہنچا ہے۔ فرانس کی بڑی کمپنی ٹوٹل انرجیز جو اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی گرین میں شراکت دار بھی ہے نے اڈانی گرین میں نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ ٹوٹل انرجیز نے اس کیلئے امریکی سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے الزامات کا جواز پیش کیا ہے۔
 خیال رہے کہ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل نے بھی گزشتہ دنوں  اڈانی گروپ کی تین کمپنیوں پر اپنا آؤٹ لک بدل کر ’نگیٹیو‘ کیاتھا۔بزنس اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی اور سا ت دیگر افراد پر بدعنوانی کے الزامات لگائے جانے کے بعد ریٹنگ ایجنسی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ایس اینڈ پی گلوبل نے اڈانی الیکٹریسٹی ممبئی لمیٹیڈ، اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون لمیٹیڈ(اڈانی پورٹس) اور اڈانی گرین انرجی لمیٹیڈ (اے جی ای ایل) کی شریک کمپنی اڈانی گرین انرجی لمیٹیڈ ریسٹریکٹیڈ گروپ ۲(ای جی ای ایل آرجی ۲) کے تئیں اپنے آؤٹ لُک میں تبدیلی کی ہے۔ ای جی ایل پر بدعنوانی کے الزامات لگے ہیں لیکن امریکہ میں جاری کارروائی میں اس کا نام راست طور پر نہیں لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK