ایس سی آر کی طرزپر پریاگ راج، چترکوٹ اور بنارس میںنئے ترقیاتی ریجن بنائے جانے کا فیصلہ، ۱۰؍ تجاویزمنظور۔
EPAPER
Updated: January 23, 2025, 1:40 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
ایس سی آر کی طرزپر پریاگ راج، چترکوٹ اور بنارس میںنئے ترقیاتی ریجن بنائے جانے کا فیصلہ، ۱۰؍ تجاویزمنظور۔
پریاگ راج کے مہا کمبھ میں یوپی کابینہ کا اہم اجلاس ہواجس میں ۱۰؍تجاویز کو منظوری دی گئی۔ تجاویزکے مطابق اسٹیٹ کیپٹل ریجن (ایس سی آر) کی طرز پر پریاگ راج، چترکوٹ اور وارانسی کیلئےنئے ترقیاتی ریجن بنائے جائیں گے اور چترکوٹ سے گورکھپور کے درمیان ترقی کو رفتاردینے کیلئے `ماسٹر پلان کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے صحافیوں سے بھی بات چیت کی اورسرکار کے فیصلوں کی تفصیلات بتائیں۔
وزراء کونسل کی میٹنگ میں مشرقی اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں ترقی کی راہ ہموار کرنے کیلئے منظور کئے گئے `ماسٹر پلان کے تحت دو نئے ریجن بنائے جائیں گے جبکہ دو نئے لنک ایکسپریس وے اور گنگا اور یمنا ندی پر دو بڑے پل بھی بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کوپریاگ راج میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد میڈیا کو ان اہم فیصلوں کی جانکاری دی۔ منظورکی جانے والی۱۰؍ تجاویز میں ڈائریکٹوریٹ آف پراسیکیوشن کے قیام کی منظوری، پریاگ راج، وارانسی اور آگرہ میونسپل کارپوریشنوں کے لئے میونسپل بانڈز جاری کرنے کی منظوری، ۶۲؍سرکاری آئی ٹی آئی کی اپ گریڈیشن اور ۵؍ سینٹر فار انوویشن، ایجادنیز انکیوبیشن اینڈ ٹریننگ کے قیام کی منظوری بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ، ہاتھرس، باغپت اور کاس گنج میں میڈیکل کالجوں کو پی پی پی موڈ پر چلانے کا فیصلہ، بلرام پور میں خود مختار میڈیکل کالج قیام کیلئے ۱۶۶؍بستروں والے سرکاری کمبائنڈ اسپتال کومیڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو مفت میں منتقل کئےجانے اور بلرام پور ضلع میں قائم کئے جانے والےسٹیلائٹ سینٹر کو خودمختار اسٹیٹ میڈیکل کالج بلرام پور میں تبدیل کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ ساتھ ہی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اسکیم کے تحت مفت اسمارٹ فون کی تقسیم کی منظوری اور مہا کمبھ ۲۰۲۵ءکےلئے اہم ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچےپرخاص توجہ دینےکے فیصلے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ یوپی کابینہ کے اجلاس کے بعدیوگی آدتیہ ناتھ نے کابینہ کے وزراء کے ساتھ تروینی سنگم پر اسنان کیا اور پوری دنیا کی فلاح و بہبود کے لئےپرارتھنا کی۔ سنگم میں اسنان کو ہندوستانی ثقافت اور سناتن دھرم کی علامت بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ عمل روحانی سکون، مذہبی لگن اور سماجی بہبود کا پیغام دیتا ہے۔ ان کے مطابق تروینی سنگم میں نہانا صرف ذاتی تطہیر نہیں ہے بلکہ لوگوں کی مجموعی فلاح و بہبود کامقصد ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ دونوں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، برجیش پاٹھک، وزیر خزانہ اور پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ، جل شکتی وزیر سوتنتر دیو سنگھ، وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی، صنعتی ترقی کے وزیر نند گوپال گپتا نندی، وزیر سیاحت جے ویر سنگھ، لکشمی نارائن چودھری سمیت سبھی ۲۱؍کابینی وزراء اور آزادانہ چارج و مملکتی وزراء نےبھی سنگم میں اسنان کیا اور پوجا کی۔ واضح رہے کہ یوگی حکومت میں یہ دوسرا موقع ہے، جب کمبھ کے موقع پر پوری کابینہ نے سنگم میں اسنان کیا ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۹ء میں، پریاگ راج میں منعقدہ کمبھ کے دوران بھی اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی پوری کابینہ کے ساتھ سنگم میں ڈبکی لگائی تھی۔
اکھلیش یادو کا ردعمل
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کمبھ اور پریاگ راج ایسی جگہ نہیں ہے جہاں سیاسی پروگرام کئے جائیں اور فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نےوہاں ہونے والے کابینہ کے اجلاس کو سیاسی میٹنگ سے تعبیرکیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کواتر پردیش کی سب سے بڑی زمین مافیا پارٹی قرار دیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے لوگوں کو کمبھ پر پوراعقیدہ ہے اورہم میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے گنگا میں اسنان کیا ہو گا مگر سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ نہیں کی ہو گی۔ اکھلیش کے مطابق کمبھ کی جگہ کا استعمال کرکے بی جے پی سیاسی پیغام دینا چاہتی ہے۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جےپی سب سے بڑی لینڈ مافیا پارٹی بن گئی ہے۔ صرف وقف کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔