• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجھےدہشت گرد کی طرح کوٹھری میں قید کردیا گیا ہے: عمران خان

Updated: July 23, 2024, 1:23 PM IST | Agency | Islamabad

اپنے وکیلوں کے توسط سے ’ دی سنڈے ٹائمس‘ کو ا نٹرویو دیتے ہوئے عمران نے الزام لگایا کہ انہیں بطور قیدی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔

Former Prime Minister of Pakistan Imran Khan. Photo: INN
پاکستان کے سا بق وزیر اعظم عمران خان۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں دہشت گرد کی طرح کوٹھری میں قید کر دیا گیا ہے۔ اخبار ’دی سنڈے ٹائمس ‘کو اپنے وکیلوں کے توسط سے ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ۷؍بائے۸؍ کے کمرے میں رکھا گیا ہے جس میں کسی دہشت گرد کو رکھا جاتا ہے اور انہیں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ شہباز شریف حکومت نے بہر حال عمران خان کے اس الزام کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو تمام لگژری سہولیات دی جارہی ہیں۔
 ’ڈان‘ کی خبر کے مطابق عمران خان نے مذکورہ انگریزی اخبار کو جو انٹرویو دیا ہے اس میں انہوں نے بتایا ہے کہ انہیں جیل کے جس کمرے میں رکھا گیا ہے، اس کی اونچائی صرف ۶؍ فٹ ۲؍ انچ  ہے جس کی وجہ سے انہیں نقل و حرکت میں مشکل پیش آرہی ہے۔ عمران نے کہا کہ’’ایجنسیاں ۲۴؍ گھنٹے میری نگرانی کرتی ہیں۔ مجھے کسی سے ملنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ مجھے بطور قیدی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔‘‘ واضح رہےکہ عمران خان تقریباً ایک سال سے جیل میں ہیں۔اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق عمران راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں شاہانہ سہولیات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ عمران نے سنڈے ٹائمس کو یہ بھی بتایا کہ ان کی پارٹی  انتخابات میں ۱۷۵؍ سیٹوںپر فتح کےساتھ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے نہ کہ صرف ۹۳؍ سیٹیں جیتی ہیںجیسا کہ سرکاری نتائج میںدعویٰ کیا گیا ہے۔
عمران خان نے  یقین کا اظہار کیا کہ وہ ایک دن جیل سے رہا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر روز پاکستان کے مستقبل کے بارے میں منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا  ’’پاکستان کے دگرگوں حالات کے درمیان  عوام مجھ سے امید لگائے ہوئے ہیں۔ مجھے اللہ پر پورا بھروسہ ہے۔ ایک دن ظلم پر انصاف کی فتح ہو گی۔‘‘ عمران کے دعوؤں کے برعکس پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہےکہ عمران کو جیل میں ایک ورزشی سائیکل، ایک واکنگ گیلری اور ایک کچن دیا گیا ہے۔ انہیں کھانے کیلئے شاندار مینو دیا جا رہا ہے۔
عمران خان کے خلاف۱۰۰؍سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے انہیں ۵؍ اگست ۲۰۲۳ء کو توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔ جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے زمان پارک میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں مزید۲؍ مقدمات میں سزا سنائی گئی۔ اگر عمران جیل سے باہر آتے ہیں تو وہ پاکستان میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کریںگے کیونکہ ان کی پارٹی کو باضابطہ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK