• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مطالبات تسلیم نہ کئے گئے توسول نافرمانی کی تحریک چلائینگے : عمران خان

Updated: December 07, 2024, 12:58 PM IST | Agency | Islamabad

پی ٹی آئی احتجاج کے سبب سابق وزیراعظم کے خلاف پاکستان بھر میں درج مقدمات کی تعداد۱۸۸؍ تک پہنچ گئی۔

Imran Khan Photo: INN
عمران خان۔ تصویر: آئی این این

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نےشہباز شریف حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے اہم مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔ یہ اقدام پی ٹی آئی کے `کرو یا مرو کے احتجاج کی بظاہر ناکامی کے بعد سامنے آیا ہے، جس کا مقصد ان کی رہائی اور پارٹی کی حمایت حاصل کرنا تھا۔
 عمران خان کے ’ایکس‘اکاؤنٹ  سے پوسٹ میں  بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا جو دو اہم معاملات پر وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔ اہم معاملات میں اس وقت مقدمے کا سامنا کرنے والے ’’سیاسی قیدیوں‘‘ کی رہائی اور ۹؍ مئی ۲۰۲۳ء  کے مظاہروں کے دوران پی ٹی آئی کے حامیوں پر پرتشدد کریک ڈاؤن اور۲۶؍ نومبر کو پی ٹی آئی مظاہرین پر کریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لئے ایک عدالتی کمیشن کا قیام کا مطالبہ شامل ہے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ اگر ان مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ۱۴؍ دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔ سیاسی قیدیوں کے مطالبے کے علاوہ، عمران خان نے ۱۳؍ دسمبر کو پشاور میں ایک بڑے جلسے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے جو اسلام آباد احتجاج کے دوران مارے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے کارکن اب بھی لاپتہ ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انسانی حقوق کی  خلاف ورزیوں پر سپریم کورٹ، لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
اسلام آباد کورٹ میں رپورٹ پیش
بانی پی ٹی آئی کے خلاف ملک بھر میں درج  مقدمات کی تعداد۱۸۸؍ تک پہنچ گئی، رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ تفصیلات  کے مطابق بانی پی ٹی آئی  کی بہن نورین کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ  میں رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا کہ پنجاب میں عمران خان کے خلاف ۹۹؍  مقدمات اور کے پی میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف۲؍مقدمات درج ہیں۔ رپورٹ  میں کہنا تھا کہ اسلام آبادمیں عمران خان کیخلاف۷۶؍ مقدمات درج ہیں جبکہ  ایف آئی اے میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف۷؍ مقدمات اور انکوائریز زیر التوا  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK