• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایک ماہ میں میٹرو-۳؍سے سفر کرنے والوں کی تعداد ۶؍لاکھ سے تجاوز

Updated: November 08, 2024, 12:23 AM IST | Mumbai

روزانہ اوسطاً ۲۰؍ہزارافرادسفر کررہے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ زیرزمین میٹرو میں سفرکرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں

Passengers queue up for tickets at Metro-3 station.
میٹرو-۳؍ کے اسٹیشن پر مسافر ٹکٹ کیلئے قطار میں کھڑے ہیں۔ (تصویر:آشیش راجے)

آرے  کالونی اور باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی )کے درمیان میٹرو-۳؍ کے پہلے مرحلے کو مسافروں کیلئے شروع کئے جانے کے ایک ماہ بعداس میں سفر کرنے والوں کی  تعداد۶؍لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ روزانہ تقریباً۲۰؍ہزارافراد اس سے سفر کررہے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ اس میں سفر کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔
 ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن (ایم ایم آر سی )  کے اندازے کے مطابق   ۳۳ء۵؍کلومیٹر میٹرو- ۳؍ کوریڈورجب ایک بار مکمل ہوجائے گی تو روزانہ۱ء۳؍ ملین افراد اس سے سفر کریں گے لیکن ایم ایم آر سی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ آرے  اور باندرہ کرلا کمپلیکس کے درمیان ۱۲ء۴۴؍ کلومیٹر کے راستے پر موجودہ مسافر متوقع اعداد و شمار سے بہت کم ہیں۔۷؍ اکتوبر اور ۵؍ نومبر کے درمیان ایکوا لائن  سے ۶؍لاکھ ۱۲؍ہزار ۹۱۳؍افراد نے سفر کیا۔ایم ایم آر سی کے ایک افسر نے کہاکہ ’’میٹرو-۳؍ کے کمرشیل آپریشنز کے آغاز کے بعد پہلے اتوار کو سب سے زیادہ مسافر ریکارڈ کئے گئے  یعنی۱۳؍ اکتوبر کو  جب یہ تعداد ۲۷؍ہزار ۱۰۸؍  تک پہنچ گئی تھی ۔‘‘
 ہفتے کے دنوں میں  باندرہ کرلا کمپلیکس اور مرول ناکہ کے درمیان ۔ اسی طرح سیپز اور مرول ناکہ کے درمیان یہ میٹروریل مقبول ہیں۔ مرول ناکہ اس میٹروکوریڈور کا مصروف ترین اسٹیشن بن گیا ہے۔ ورسوا-اندھیری-گھاٹکوپر میٹرو لائن جو مرول ناکہ پر میٹرو۳؍ سے ملتی ہے، میں بھی روزانہ تقریباً ۴؍ہزار مسافروں کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
 ایم ایم آر سی فی الحال ایکوا لائن پر لگاتار خدمات کے درمیان   ۷؍ منٹ ۳۰؍سیکنڈکے وقفے کے ساتھ  ۹؍ ٹرینیں چلارہا ہے۔ حکام نے کہا کہ اگر مسلسل مانگ رہی تو اس فرق کم کرکے ۶؍منٹ ۴۰؍سیکنڈکردیاجائے گا۔ پچھلے ۲؍ ہفتوں میں میٹرو کارپوریشن نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی ہے  ۔ایم ایم آر سی کے ایک افسر نے ہندوستان ٹائمز کو بتایاکہ ’’نیشنل کامن موبیلیٹی کارڈ (این سی ایم سی) کی فی الحال جانچ کی جارہی ہے اور توقع ہے کہ امسال دسمبر میں اسےمتعارف کرایا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK