• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امروہہ میں۷؍سالہ مسلم بچہ کو بریانی لانے پر دہشت گرد بتا کر اسکول سے نکال دیا گیا

Updated: September 07, 2024, 6:53 AM IST | Amroha

ستم بالائے ستم ، بچے پر دیگر بچوں کا مذہب تبدیل کرانے اور مندروں کو توڑنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ، اسکول کے پرنسپل کیخلاف شدید غم و غصہ

Principal Avneesh Kumar Sharma showed extreme prejudice
پرنسپل اونیش کمار شرما نے شدید تعصب کا مظاہرہ کیا

اترپردیش میں مسلمانوں کے خلاف شدید نفرت اور دشمنی کے زہرسے اب اسکول بھی محفوظ نہیں، جہاں امروہہ کے اسکول میں۷؍ سال کی عمرکے بچے کو دہشت گردقرار دیکر اسکول سے خارج  کردیا گیا۔اترپردیش کےہی مظفر نگرمیں ایک اسکول میں مسلم بچے کو ہندو بچوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنائے جانے پرملک بھر میں شدید غم وغصہ کے اظہار اور سپریم کورٹ کے سخت رخ کے بعد بھی ریاست میں تعلیم جیسا مقدس شعبہ بھی ہندو مسلم   نفرت کے کھیل سے محفوظ نہیں۔یہ واقعہ  یوم اساتذہ پر پیش آیا جس دن  اساتذہ  کے احترام اورایک  طالب علم کی نشوونما اور اس کی شخصیت کی تعمیر میںان کے کردارکے اعتراف کے طور پر پورے ملک میںجشن منایا جاتا ہے۔ امروہہ کےہلٹن اسکول میں نان ویج ٹفن لانے پر مسلم بچے کو نہ صرف یرغمال بناکر رکھا گیابلکہ جب اس کی والدہ اسکول پہنچی تو پرنسپل نے اسے بھی دھمکی دی ۔اس سلسلہ میں وائرل ہونے والے ویڈیو میں پرنسپل انتہائی ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ ۷؍سال کے بچے پر اسکول کے دوسرے بچوں کا مذہب تبدیل کرانے ،مندروں کو توڑنے اور دہشت گردی کالغو الزام عائد کررہا ہے ۔  
  اس معاملے میں حالانکہ پرنسپل کے ذریعہ ایک مسلم بچے کو ہراساں کرنے کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے لیکن اسے صرف  لیپاپوتی کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔  امروہہ کے ضلع اسکول انسپکٹر وی پی سنگھ نے کمیٹی تشکیل دےکرجانچ کرانےکا حکم جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ۳؍ دن میں رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ ہلٹن کانوینٹ اسکول کا دوسری جماعت کا یہ بچہ  مبینہ طور پر اپنے ٹفن میں نان ویج بریانی لے کر آیا تھا۔ حالانکہ بچے کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ ویج بریانی لے کر آیا تھا۔ اسی بنیاد پر پرنسپل اونیش کمار شرما نے بچے کو پہلے تو اسکول سے معطل کر دیا۔ پھر والدہ کے استفسار پر اسکول سے ہی نکالنے کی کارروائی انجام دے دی۔    پرنسپل پر الزام ہے کہ اس نے صبح ساڑھےسات بجےسےدوپہرایک بجےتک بچےکوایک تنہا کمرے میں بند رکھا، جس پر اس خاتون نے کہا کہ اس کو صبح سےکیوں خبرنہیں کی گئی تو پرنسپل نےکوئی مناسب جواب دینے  کے بجائے پولیس کارروائی کی دھمکی دی ۔ اس دوران پرنسپل اونیش کمار کی بچے کی والدہ کے ساتھکافی دیر تک اور سخت بحث  ہوئی۔ اس خاتون نے اپنے ساتھ گئے کسی رشتہ دار سے پرنسپل سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کروالیا جس میں پرنسپل شرما اس خاتون کو واضح طور پر دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK