• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بریلی میں چوروں نے خود۱۱۲؍ نمبر ڈائل کر کے پولیس کو مدد کیلئے بلایا

Updated: September 01, 2024, 11:38 AM IST | Bareilly

مجرم جب خود مصیبت میں پھنس جائے تواس کے پاس بھی قانون کا سہارا لینے والا اور کوئی چارہ نہیں رہتا۔اتر پردیش کے بریلی میں ایک ایسا ہی دلچسپ معاملہ سامنے آیا ہے جس میںچوروںنے خودفون کرکے پولیس کو بلایا اورمدد کی فریاد کی ۔

Villagers beating thieves
گاؤں والے چوروں کو پیٹتے ہوئے

مجرم جب خود مصیبت میں پھنس جائے تواس کے پاس بھی قانون کا سہارا لینے والا اور کوئی چارہ نہیں رہتا۔اتر پردیش کے بریلی میں ایک ایسا ہی دلچسپ معاملہ سامنے آیا ہے جس میںچوروںنے خودفون کرکے  پولیس کو بلایا اورمدد کی فریاد کی ۔ تفصیلات کے مطابق بریلی کے بھمورا تھانہ علاقہ واقع غوث گنج گاؤں میں جمعہ کی شب چوری کرنے پہنچے چوروں میں سے ایک چور نے ۱۱۲؍ نمبر پر فون کیا اور پولیس سے فوراً پہنچنے کی گزارش کی۔ دراصل سبھی چوروں کو گاؤں والوں نے گھیر لیا تھا اور جب چوروں کو بچنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آیا تو  انہوں نے۱۱۲؍نمبر ڈائل کر پولیس سے جان بچانے کی اپیل کی۔ فون آتے ہی پی آر وی کے سپاہی متحرک ہوئے اور جائے وقوع پر پہنچے۔ پولیس نے دیکھا کہ ۳؍ چوروں کو گاؤں والے پیٹ رہے تھے۔ پولیس نے انہیںچھڑا کر حراست میںلے لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھ کر سپاہیوں نے علی گنج تھانہ پولیس کو خبر دی۔ پھر بڑی تعداد میں پولیس وہاں پہنچی اور کسی طرح چوروں کومشتعل بھیڑ کے چنگل سے چھڑایا۔ اس دوران کچھ پولیس اہلکارزخمی بھی ہوئے ہیں۔ تینوں چور دوسرے ضلع کے بتائے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تین چور وہ ہیں جنہیں حراست میں لیاگیا ہے اور جو کھیت میں بھینسوں کی رکھوالی کررہے تھے ۔جبکہ دیگر چور فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔
 بتایا جا رہا ہے کہ بھمورا تھانہ علاقہ کے گاؤں غوث گنج میں جمعہ کی شب رام سیوک پال کی۸؍بھینسیں چوری ہو گئیں۔ رات تقریباً ایک بجے رام سیوک کی جب نیند کھلی تو یہ دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے کہ طویلے میں بھینسیں موجود نہیں ہیں۔ انھوں نے شور مچایا اور گاؤں والوں کو بیدار کیا۔ لاٹھی ڈنڈے لے کر بھینسوں کی تلاش شروع ہوئی۔ گاؤں کے قریب گنّے کے کھیت سے کچھ آوازیں سننے کو ملیں تو گاؤں والوں نے کھیت کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ سبھی چور اسی کھیت میں چھپے بیٹھے تھے۔جب چوروں نے خود کو گاؤں والوں کے گھیرے میں محسوس کیا تو ایک چور نے ۱۱۲؍ پر فون کر دیا اور جان بچانے کی گزارش کی۔ کسی نے بھمورا پولیس تھانہ میں بھی فون کر دیا لیکن اس سے پہلے علی گنج کی پولیس پہنچ گئی۔ پولیس نے کھیت سے ۲؍ بھینسیں برآمد کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK