• Sat, 01 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی میں جمنا ندی کا زور کم ہوا تو الہ آباد میں بڑھا ، گنگا میں بھی طغیانی

Updated: July 19, 2023, 9:59 AM IST | allahabad

گزشتہ کئی دنوں کے بعد ایک جانب جہاں دہلی میں جمنا ندی نے راحت کا سانس لیا ہے، وہیں الہ آباد میں اس کا زور جوں کا توں ہے ۔

Allahabad
الہ آباد

 گزشتہ کئی دنوں کے بعد ایک جانب جہاں دہلی میں جمنا ندی نے راحت کا سانس لیا ہے، وہیں الہ آباد میں اس کا زور جوں کا توں ہے ۔ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں بھی بارش کی رفتار قدرے سست ہوئی ہے لیکن چٹان کھسکنے اور تودوں کا گرنے کا سلسلہ جاری ہےجس کی وجہ سے عوام میں خوف کی لہر پائی جارہی ہے اور جان کا مال کے ضیاع کا خدشہ برقرار ہے۔
  اطلاعات کے مطابق جمنا کی آبی سطح میں کمی آنے کے ساتھ ہی راجدھانی دہلی کے مصروف ترین چوراہوں میں سے ایک’ آئی ٹی او‘ پر گاڑیوں کی آمد و رفت کچھ حد تک بحال ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق منگل کو جمنا ندی کی آبی سطح۲۰۵ء۷۱؍ میٹر تک گر گئی تھی، تاہم یہ اب بھی خطرے کے نشان۲۰۵ء۳۳؍ سے اوپر ہے۔
 خیال رہے کہ گزشتہ روز یعنی پیر کی صبح۱۱؍ بجے جمنا کی آبی سطح میں معمولی اضافہ ہوا تھا اور یہ۲۰۵ء۸۰؍ میٹر تک پہنچ گئی تھی تاہم بعد میں اس کی سطح میں معمولی کمی آئی۔ ندی کے ارد گرد کے علاقوں میں پانی کم ہو گیا اور جو سڑکیں پوری طرح پانی میں ڈوب گئی تھیں، ان پر بھی ٹریفک بحال کیا جا رہا ہے۔
 دہلی کی وزیر آتشی نے بتایا کہ آئی ٹی او پر ٹریفک ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا ہے۔  یہ اطلاع انہوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ دی۔ اسی طرح دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر آباد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے اس کیلئے دہلی جل بورڈ کے عہدیداروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
  دوسری طرف  اترپردیش کے کئی شہروں او راضلاع میں سیلابی کیفیت ہے۔  جمنا کے کنارے آباد آگرہ بھی پانی پانی ہوگیا ہے۔ تاج محل کے اطراف بھی کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے۔ اسی طرح   پڑوسی ریاستوں اُتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور ہماچل پردیش میں لگاتارہونےوالی بارش کی وجہ سے  الہ آباد میں گنگا اورجمنا دونوں ندیوں کے آبی سطح میں بالترتیب گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ۴۴؍ اور۴۶؍سینٹی میٹر کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔
 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران گنگا اورجمنا دونوں ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے انتظامیہ مستعد ہوگیا ہے۔سرکاری رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح ۸؍ بجے، پھاپھامئو میں گنگا کی آبی سطح۱۴؍ سینٹی میٹر بڑھ کر۷۸ء۴۵؍ میٹر، چھتناگ میں۴۴؍ سینٹی میٹر بڑھ کر۷۵ء۵۰؍ اور جمنا (نینی) میں۴۶؍ سینٹی میٹر بڑھ کر۷۵ء۹۶؍ میٹر ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق  الہ آباد میں گنگا کا خطرے کا نشان۸۴؍ میٹر پرہے۔ اس کے باوجود نشیبی علاقوں میں چوکسی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 
  سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکوریٹی کے پیش نظر سنگم اور دشا سوا میدھ گھاٹ پر ایس ڈی آر ایف کو تعینات کیا گیا ہے۔اسی طرح  غوطہ خوروں کی دو کمپنیاں، واٹر پولیس اور پی اے سی فلڈ ریلیف تعینات کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں اس خطے میں ۴۰؍ سے ۴۵؍ اسٹیمروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

 

allahabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK